وزیراعظم نواز شریف کا نیا ریکارڈ، ایک سال میں 26 کروڑ روپے کے بیرونی دورے

جمعہ 23 مئی 2014 18:02

وزیراعظم نواز شریف کا نیا ریکارڈ، ایک سال میں 26 کروڑ روپے کے بیرونی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23مئی 2014ء) وزیراعظم نواز شریف کے ایک سال میں 26 کروڑ روپے کے غیر ملکی دوروں نے نیا قومی ریکارڈ قائم کردیا، قوم کو ایک دورہ 2 کروڑ روپے میں پڑا۔ دفتر خارجہ سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایک سالہ دور اقتدار میں 13 سرکاری اور ایک نجی غیر ملکی دورہ کیا، جن پر 25 کروڑ 90 لاکھ 70 ہزار روپے کے سرکاری اخراجات ہوئے۔

سب سے مہنگا بیرونی دورہ اقوام متحدہ کا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں قوم کو 8 کروڑ 70 ہزار روپے میں پڑیں، سب سے سستا دورہ افغانستان کا رہا، جہاں 12 لاکھ روپے خرچ ہوئے، وزیراعظم کی امریکی صدر باراک سے ملاقات 3 کروڑ 50 لاکھ روپے میں پڑی۔

(جاری ہے)

معلومات کے مطابق چینی صدر جن پنگ سے ملاقات اور باؤ کانفرنس کی قیمت 4 کروڑ 19 لاکھ روپے رہی، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے 2 ملاقاتوں پر 5 کروڑ 4 لاکھ روپے خرچ آیا جبکہ ترک رہنماؤں طیب اردگان اور عبداللہ گل سے ملاقاتوں پر 96 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

ہالینڈ کی نیوکلیئر کانفرنس میں وزیراعظم کی شرکت قوم کو 1 کروڑ 46 لاکھ، سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پکسے سے ملاقات 1 کروڑ 18 لاکھ روپے، تھائی لینڈ میں ایشیاء پیسفک کانفرنس 97 لاکھ روپے جبکہ ایرانی رہنماء آیت اللہ خامنہ ای سے ملنے کا خرچہ 48 لاکھ روپے تھا، ایک برس میں بیرونی دورں پر 25 کروڑ سے زائد اخراجات نیا قومی ریکارڈ ہے۔

متعلقہ عنوان :