پی پی 136 نارووال، مسلم لیگ (ن) کے شجاعت خان کامیاب

جمعرات 22 مئی 2014 20:53

پی پی 136 نارووال، مسلم لیگ (ن) کے شجاعت خان کامیاب

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مئی۔2014ء) نارووال میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ 136 میں ضمنی انتخاب میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کرنل ریٹائرڈ شجاعت احمد خان کامیاب ہو گئے۔عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) شجاعت احمد خان بھاری اکثریت سے جیت گئے تھے۔ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر آزاد امیدار محمد وکیل منج نے الیکشن ٹربیونل کو درخواست دائر کی جس کی سماعت کے بعد پی پی 136 کے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔

الیکشن کمشن کے شیڈول کے مطابق پی پی 136 میں ضمنی انتخاب دوبارہ کروائے گے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کرنل (ر) شجاعت خان 43 ہزار 382 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے وکیل خان منج 26 ہزار 576 ووٹ لے دوسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

پولنگ میں ٹرن آؤٹ تقریباً 43 فیصد رہا۔ کرنل ریٹائرڈ شجاعت کی جیت کی خوشی میں کارکنوں نے ان کے ڈیرہ تلونڈی بھنڈران میں جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگرے ڈالے اور کارکنوں میں مٹھایاں تقسیم کیں۔

پولنگ وقت مقررہ پر شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے پانچ بجے تک جاری۔ پولنگ سٹیشن سنگیال، لنگر کے بھٹیاں، شادو کے، ٹرگارومال اور سنکتھر میں 10 سے 15 مسلح افراد نے جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش کی جسے تحریک انصاف کے کارکنوں اور سیکیورٹی معمور پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔