تاریخ کی ’مہنگی ترین‘ طلاق

منگل 20 مئی 2014 00:55

تاریخ کی ’مہنگی ترین‘ طلاق

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مئی۔2014ء)جنیوا کی ایک عدالت نے روس کے ایک ارب پتی شخص کو اپنی سابقہ بیوی کو چھ سال سے جاری طلاق کے ایک مقدمے میں ساڑھے چار ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔بی بی سی کے مطابق جنیوا کی عدالت کے فیصلے کے بعد فرانس کی فٹ بال ٹیم اے ایس مناکو کے مالک دمتری ریابولوولیف اندازن اپنی آدھی دولت سے محروم ہو جائیں گے۔

دمتری ریابولوولیف کی سابقہ بیوی ایلینا ریابولوولیف سنہ 2008 سے طلاق کی شرائط کا مقدمہ لڑتی آئی ہیں۔ریابولوولیف کو ’زراعت کا بادشاہ‘ بھی کہا جاتا ہے، اور انھوں نے پاٹ ایش کی کان کنی سے یہ دولت کمائی ہے۔دمتری ریابولوولیف کی سابقہ بیوی کے وکلا نے اس مقدمے کو ’طلاق کے مقدموں کی تاریخ‘ کا سب سے مہنگا مقدمہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق ایلینا ریابولوولیف نے اپنی 13 سالہ بیٹی آنا کو اپنی تحویل میں لینے کا مقدمہ بھی جیت لیا ہے۔

دمتری ریابولوولیف اور ایلینا ریابولوولیف کی بڑی بیٹی 25 سالہ ایکترینا ہیں گھڑ سواری کی شوقین ہیں۔دمتری ریابولوولیف کے وکلا نے عدالت کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔خیال رہے کہ دمتری ریابولوولیف اور ایلینا ریابولوولیف نے 23 سال قبل قبرص میں شادی کی تھی۔مالیاتی جریدے فوربز کے مطابق دمتری ریابولوولیف کے اثاثوں کی مالیت 8.8 ارب ڈالر کے قریب ہے اور ان کا شمار دنیا کے سو امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔دمتری ریابولوولیف نے دسمبر سنہ 2011 میں مناکو کی فٹ بال ٹیم اے ایس مناکو خرید لی تھی۔