Live Updates

انتخابی نظام میں اصلاحات نہ ہوئیں تو آئندہ انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں ‘ عمران خان

منگل 20 مئی 2014 17:35

انتخابی نظام میں اصلاحات نہ ہوئیں تو آئندہ انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مئی 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انتخابی نظام میں اصلاحات نہ ہوئیں تو آئندہ انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں ،تحریک انصاف ملک میں کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کریگی بلکہ ایسے کسی بھی اقدام کیخلاف سب سے اگلی صف میں موجود ہوں گے ، سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی طرف عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہارا نہوں نے تحریک انصاف لاہور کے صدر عبد العلیم خان کے دفتر میں کالم نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرپارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، لاہور کے صدر عبد العلیم خان اور رکن اسمبلی میاں اسلم اقبال بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ آئین کے تحت انتخابی نظام میں اصلاحات چاہتے ہیں اور اس سلسلہ میں دیگر جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں ۔

انتخابی نظام میں اصلاحات ہونی چاہئیں اور دھاندل سے پاک الیکشن ہی اصل جمہوریت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے وہ چار حلقوں میں دوبارہ ووٹوں کی تصدیق سے کیوں خوفزدہ ہے حالانکہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انتخابات کو قبول کیا ہے دھاندلی کو قبول نہیں کیا ۔عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وسیع تر اتحاد کی باتیں قبل از وقت ہیں تاہم اگر انتخابی نظام میں اصلاحات نہ ہوئیں تو آئندہ انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے اختیارات نیچے منتقل نہیں کرنا چاہتے اسی لئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی جارہی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :