میراڈونا سے موازنہ نہ کیا جائے، میسی

بدھ 14 مئی 2014 21:07

میراڈونا سے موازنہ نہ کیا جائے، میسی

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی۔2014ء)ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے کہا ہے کہ جب تک میں ورلڈ کپ نہ جیت لوں اس وقت تک میرا سابق عظیم فٹبالر میراڈونا سے موازنہ نہ کیا جائے۔میڈیا رپور ٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ میں اس وقت عظیم کھلاڑی نہیں بن سکتا جب تک فٹبال کی سب سے بڑی ٹرافی نہ جیت لوں اور رواں سال برازیل میں اپنے ملک کے لیے یہ کارنامہ انجام دینے کا عزم ظاہر کیا۔

کسی بھی کھلاڑی کو اس وقت تک تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی تصور نہیں جا سکتا جب تک وہ ورلڈ کپ نہ جیت لے تاہم امید ہے کہ برازیل میں جیت کے ساتھ میں یہ اعزاز حاصل کرسکوں گا۔میسی کا ایک عرصے سے عظیم میراڈونا سے موازنہ کیا جاتا رہا ہے جنہوں نے 1986 میں 25 سال کی عمر میں میکسکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو عالمی چیپمین کا اعزاز دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

اگر کلب کی سطح پر اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو میسی کو میراڈونا پر واح سبقت حاصل ہے لیکن قومی ٹیم کی سطح پر میراڈونا نوجوان فٹبالر سے کافی آگے نظر آتے ہیں۔بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے اسٹار کو 424 میچوں میں 354 گول کرنے کے ساتھ ساتھ 21 ٹرافیاں جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔میسی نے کہا کہ میراڈونا سے موازنہ بہت اعزاز کی بات ہے لیکن ابھی اسے تسلیم نہیں کرسکتا کیونکہ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے بہت خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں سے اپنے بارے میں اچھی باتیں سننا ہمیشہ ہی اچھا لگتا ہے لیکن اصل اور اہم چیز یہ ہے کہ میں اپنے کیریئر کے اختتام پر دیکھوں کہ میں نے کیا کچھ حاصل کیا ہے۔