Live Updates

مسلم لیگ (ق) کی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کے مطالبات کی حمایت

بدھ 14 مئی 2014 17:49

مسلم لیگ (ق) کی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کے مطالبات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مئی 2014ء) مسلم لیگ (ق) نے بھی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے نئے ریکارڈ سے متعلق جو ان کی جماعت کا نکتہ نظر ہے پاکستان مسلم لیگ (ق) کا بھی وہی موقف ہے، دونوں جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ الیکشن کمیشن نے آئین کے مطابق صاف اور شفاف الیکشن کروانے کی ذمہ داری پوری نہیں کی لہذا الیکشن کمیشن کے عملے کو اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف اس بات پر بھی متفق ہیں کہ شفاف الیکشن جمہوریت کی ضرورت ہیں اور پاکستان کی عوام کے مینڈیٹ کی حفاظت ہماری جمہوری، آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ موجودہ قوانین میں اصلاح کی ضرورت ہے تاکہ ایک خودمختار الیکشن کمیشن وجود میں آئے جس کی نگرانی میں صاف اور شفاف الیکشن ہوں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ ہم ان جماعتوں سے بھی رجوع کریں گے جو اس بات پر قائل ہیں کہ سابقہ الیکشن شفاف نہیں تھے اور ہمیں انتخابی اصلاحات کے ایک ایجنڈے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، دوسری جماعتوں سے رابطے اور انتخابی اصلاحات کےلئے تحریک انصاف اور(ق) لیگ نے کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ، عارف علوی اور شفقت محمود پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبات بالکل درست ہیں، اس مرتبہ الیکشن شفاف نہیں ہوئے جس کے باعث تمام جماعتوں نے دھاندلی کی شکایت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات