وزارت ہیلتھ سروسز نے بیرون ملک سفر کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دے دیا،پولیو سرٹیفکیٹ کے حصول کی پابندی کا اطلاق یکم جون سے ہوگا

منگل 13 مئی 2014 20:30

وزارت ہیلتھ سروسز نے بیرون ملک سفر کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) پولیو کے بڑھتے مرض کے باعث عالمی ادارہ صحت نے پاکستانیوں کو بیرون ملک سفر کے لئے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔دو ہفتے قبل عالمی ادارہ صحت نے پاکستانیوں کو بیرون ملک سفر کے لئے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا تھا تاہم حکومت پاکستان نے عالمی ادارے سے 15 روز کی مہلت طلب کی تھی، مہلت ختم ہونے کے بعد اب ان پابندیوں کا اطلاق ہوگیا ہے جس کے تحت یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو کم از کم ایک ہفتے اور زیادہ سے زیادہ ایک سال کے دوران انسداد پولیو ویکسی نیشن کرانی پڑے گی اور کسی بھی ملک میں سفر کے دوران اپنے ہمراہ پولیو ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ بھی رکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ 5 مئی کو جنیوا میں عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس برس پاکستان میں پولیو کیسز میں 600 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

جب کہ ایسے ممالک میں بھی یہ مرض پاکستانیوں کی وجہ سے دوبارہ پھیل رہا ہے جہاں اسے ختم کردیا گیا تھا۔دوسری جانب وزارت ہیلتھ سروسز نے بیرون ملک سفر کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دے دیا۔ پولیو سرٹیفکیٹ کے حصول کی پابندی کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔

وزارت ہیلتھ سروسز کے مطابق پولیو ویکسی نیشن ہر عمر اور طبقے کے لیے لازمی ہوگی،حاملہ خواتین کو بھی سفر سے پہلے پولیو ویکسین لینا ہوگی،اورل پولیو ویکسی نیشن حاملہ خواتین کی صحت پر مضراثرات مرتب نہیں کرتی۔وزارت ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ پولیو ہیلتھ سرٹیفکیٹ مستند افسران سے تصدیق شدہ ہوگا، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ وفاق صوبائی حکومتوں کو جاری کرے گا، صوبائی حکومتیں اپنے اسپتالوں کو سرٹیفکیٹ فراہم کریں گی، وفاق اور صوبوں میں پولیو کے خصوصی کاونٹرز بھی بنائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :