لاپتہ شہری کیس ، پاک فوج کے کرنل کو پشاور ہائیکورٹ میں جواب پیش کرنے کا حکم

منگل 13 مئی 2014 20:07

لاپتہ شہری کیس ، پاک فوج کے کرنل کو پشاور ہائیکورٹ میں جواب پیش کرنے ..

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) بری کوٹ سے لاپتہ ہونیوالے شہری کے کیس میں چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ نے پاک فوج کے کرنل کاشف کو عدالت میں جواب پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ملک منظور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے محمد شیرین کے کیس کی سماعت کی۔ وزارت دفاع کی طرف سے میجر محمد علی نے عدالت کو ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کی جانب سے حلف نامہ پیش کیا کہ یہ شخص ان کے پاس نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اٹارنی جنرل کفایت اللہ نے عدالت کو بتایا کہ وزارت دفاع کے تحت جو ادارے آتے ہیں ان سے وضاحت طلب کی گئی تاہم پٹیشنر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ شخص کو ذخہ خیل چیک پوسٹ بری کوٹ میں کرنل کاشف کے حوالے کیا گیا جس کا یونٹ نمبر اور موبائل فون نمبر بھی دیا گیا ہے لیکن ان سے کوئی وضاحت طلب نہیں کی گئی۔ اس موقع پر میجر علی نے بتایا کہ جو حلف نامہ جمع کرایا گیا ہے وہی جی ایچ کیو اور پاک آرمی کی طرف سے بھی ہے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ چونکہ باقاعدہ نام ظاہر کیا گیا ہے اس لئے کرنل کاشف 15دن کے اندراپنا تحریری جواب پیش کریں ۔ ،