وکلا ء کی ہڑتالوں کیخلاف دائر درخواست پرفل بنچ کی تشکیل کیلئے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی گئی

منگل 13 مئی 2014 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے وکلا ء کی ہڑتالوں کیخلاف دائر درخواست پرفل بنچ کی تشکیل کیلئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطابندیال کو بھجوادی۔ منگل کے روز سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کی جانب سے 2003 ء میں عدالتی اوقات کار میں بائیکاٹ کرنے کو کالعدم قرار دیا گیا تھا اور اسکے بعد سے وکلا ء کی جانب سے کوئی ہڑتال نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وکلاء کی طرف سے سائل سے کیس لڑنے کی فیس لینے کے باوجود ہڑتال سے انصاف تک رسائی میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور یہ سائلین کے بنیادی حقوق کی نفی ہے۔ درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ وکلا تنظیموں کے عہدیداروں نے عدالت میں پیش ہو کر آئندہ ہڑتال نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر اس کے باوجود آئے روز ہڑتالیں کی جارہی ہیں جس سے سائلین کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں ۔جسٹس سید منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اور درخواست کی مزید سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دینے کے لئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطاء بندیال کو بھجوا دی۔

متعلقہ عنوان :