خیبرپختونخوااسمبلی اجلاس،وزاراء کی عدم موجودگی پراپوزیشن سیخ پا،سپیکرکااظہاربرہمی

پیر 12 مئی 2014 21:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی۔2014ء)سپیکرخیبرپختونخوااسمبلی اسدقیصر نے صوبائی وزراء کی اجلاس میں عدم شرکت پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وزراء پوری تیاری کرکے اسمبلی میں اپنی شرکت کویقینی بنائیں اسمبلی کو بے توقیرنہیں ہوناچاہیے ایوان میں اراکین کے سوالات کا جواب دینے کیلئے تمام وزراء کو اپنے محکموں اورانکے سیکرٹریزسے بازپرس کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

پیر کے روز جب اسمبلی کااجلاس ایک گھنٹے کے تاخیر سے شروع ہوا تو اس دوران جے یوآئی کے مفتی جانان نے سپیکرکی توجہ وزراء کی عدم موجودگی کی طرف مبذول کرائی اورکہاکہ اسمبلی اجلاس پر روزانہ لاکھوں روپے لاگت آتی ہے لیکن صوبائی حکومت اس میں ذرا بھر دلچسپی نہیں لے رہی اگر حکومت کا یہ حال ہے تو اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ میں روزتبدیلی ہورہی ہے ہم کسی مسئلے پردرخواست کیلئے ایک وزیر کے نام لکھتے ہیں جب اسمبلی میں آتے ہیں تو مذکورہ وزیرتبدیل ہوچکاہوتاہے اس موقع پر اپوزیشن کے دیگراراکین بھی وزراء کی عدم دلچسپی اور غیر حاضری کے نکات کو مسلسل اٹھاتے رہے جس پر سپیکرنے وزراء کوتنبہہ کی کہ وہ اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی شرکت کویقینی بناکر اراکین کے سوالات کیلئے تیاری کرکے آئیں۔