وزیر اعظم آزاد کشمیر سے چیئر مین واپڈا کی ملاقات ، متاثرین منگلاڈیم اور نیلم ،جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے متعلق تبادلہ خیا ل،چیئرمین واپڈا کی متاثرین منگلاڈیم اور متاثرین نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی ،کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی کیلئے بڑھ چڑھ کر قربانیاں دیں ، آئندہ بھی دیتے رہے گے ، چوہدری عبد المجید

پیر 12 مئی 2014 19:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی۔2014ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدسے چیئرمین واپڈا ظفرمحمود نے پیر کے روز کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں متاثرین منگلاڈیم اور نیلم ،جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے متعلق تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے متاثرین منگلاڈیم اور متاثرین نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

چیئرمین واپڈا نے کہاکہ متاثرین کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ نیلم ،جہلم ہائیڈل پراجیکٹ ،نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے حوالے سے حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کے درمیان معاہدہ جلد ہوجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ منگلاڈیم ریزنگ اور نیلم ،جہلم ہائیڈل منصوبے میگا پراجیکٹس ہیں جن کی تکمیل میں متاثرین بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واپڈا نے جو مسائل حل کرنے کی کمٹمنٹ دے رکھی ہے وہ کمٹمنٹ پوری کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے چیئرمین واپڈا کے ساتھ متاثرین منگلا ڈیم ریزنگ اور نیلم ،جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے مسائل پر بات کی اور کہاکہ معاملات جلد یکسو کئے جائیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی کے لیے بڑھ چڑھ کر قربانیاں دیں ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہے گے۔پاکستان روشن ہوگا تو کشمیربھی روشن ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہے ۔چیئرمین واپڈا نے متاثرین منگلاو نیلم جہلم پراجیکٹس، بجلی لوڈ شیڈنگ کم کرنے،ان منصوبوں کے قریب روڈانفرا سٹریکچر کی بحالی اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ سمیت مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی ،پراجیکٹ ڈائریکٹر نیلم جہلم ہائیڈل جنرل (ر) زبیر،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی،کمشنر مظفرآباد ڈویژن،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد اور دیگر حکام بھی موجود تھے