عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کاڈاکٹر شکیل آفریدی کی جعلی مہم میں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے بیان مسترد کردیا ، ڈبلیو ایچ او کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان کی جانب سے 8مئی کو جاری کئے گئے بیان پر شدید تشویش ہے ،امید ہے پاکستان غلط بیان مکمل طورپر واپس لے لے گا ، عالمی ادارہ صحت کا بیان

پیر 12 مئی 2014 19:59

عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کاڈاکٹر شکیل آفریدی کی جعلی مہم میں اقوام ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی۔2014ء) عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی جعلی مہم میں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے پاکستان غلط بیان مکمل طورپر واپس لے لے گا ۔

(جاری ہے)

پیر کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان کی جانب سے 8مئی کو جاری کئے گئے اس بیان پر شدید تشویش ہے جس میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کے اقدام میں غلط طورپر اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو بھی شامل بتایا گیا ہے بیان میں کہا گیاکہ عالمی ادارہ صحت اپنے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتاہے کہ صحت سے متعلق تمام پروگرام صرف صحت کے فروغ اور شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ہی استعمال کئے جانے چاہئیں ۔

بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ نے وزارت خارجہ کی ترجمان کے غلط بیان پراعتراض کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ معاملہ اٹھایا تھا جس پر یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ وزارت خارجہ کی ترجمان کا بیان درست نہیں ہے اور یہ غلطی سے جاری ہوا ہے عالمی ادارہ صحت کے بیان میں کہا گیا کہ ہم حکومت پاکستان کی اس وضاحت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ یہ غلط بیان مکمل طورپر واپس لیا جائیگا