دنیا میں کھیلوں کے سب بڑے میلے فیفا ورلڈ کپ کے آغاز کو ایک ماہ رہ گیا

پیر 12 مئی 2014 16:07

ریو ڈی جنیرو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مئی 2014ء) دنیا میں کھیلوں کے سب بڑے میلے فیفا ورلڈ کپ کے آغاز کو ایک ماہ رہ گیا ہے۔ 12جون کو برازیلی شہر ساؤپالو میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں دنیا کی 32 بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹھیک ایک ماہ بعد رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد میزبان ٹیم برازیل کا سامنا کروشیا سے ہوگا۔

تقریب کیلئے برازیل نے 31 ممالک کے سربراہان حکومت کو مدعو کیا اس سلسلے میں سیکورٹی اقدامات پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے میچز 12 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ گروپ میچز کے بعد 28جون سے پری کوارٹر فائنلز کا آغاز ہو گا۔ کوارٹر فائنل مرحلہ 4 جولائی سے شروع ہو گا۔ سیمی فائنلز8 اور 9 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری اور تیسری پوزیشن کیلئے میچ 12 جولائی جبکہ فیصلہ کن معرکہ 13 جولائی کو ریو ڈی جنیرو میں کھیلا جائے گا۔

برازیل نے میزبانی کی تیاری کے پیش نظر اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے تیس ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا ہے، یہ تعداد ملک میں خدمات انجام دینے والے ڈیڑھ لاکھ ریگولر پولیس اہلکاروں اور افسران کیساتھ 20 ہزار نجی سیکورٹی گارڈز کے علاوہ ہے۔اس آپریشن میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اہلکار شامل ہیں، جنہیں جنوبی امریکہ کے اس سب سے بڑے ملک کو اس کے دس ہمسایہ ممالک سے جدا کرنے والی 16886کلومیٹر (10492میل) لمبی سرحد پر تعینات کیا جائے گا۔

یہ بین الاقوامی مربوط کوشش جون2011ء میں صدر ڈلما روسوف کی طرف سے اعلان کئے جانے والے اسٹرٹیجک بارڈر سیکورٹی پلان کا حصہ ہے۔ حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ملک کے شمال سے جنوب تک غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مملکت کی طرف سے اب تک کی جانے والی سب سے بڑی لام بندی ہے۔ اس قسم کا ایک سیکورٹی آپریشن گزشتہ سال کے کنفیڈریشن کپ سے قبل کیا گیا تھا دیگر جرائم کے علاوہ اس کارروائی کے تحت منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو ہدف بنایا جائیگا، اس کے علاوہ غیر قانونی ترک وطن پر بھی نظر رکھی جائے گی۔

وزارت دفاع نے اس امر کی وضاحت نہیں کی ہے کہ یہ آپریشن کب تک جاری رہے گا۔ برازیل کی سرحد میں ارجنٹائن بولیویا ،کولمبیا،گیانا،پیبراگوئے، پیرو، سری نام، یوروگوائے، وینزویلا اور فرنچ گیانا سے ملتی ہیں۔ ان میں سے نصف سے زائد زون، دریاؤں، جھیلوں اور دوسری آبی گزرگاہوں سے اٹی پڑی ہیں۔ توقع ہے ورلڈ کپ کے دوران چھ لاکھ سے زائد غیر ملکی برازیل کا رخ کرینگے۔

متعلقہ عنوان :