Live Updates

عمران خان شو فلاپ‘ عوام نے مسترد کر کے اپنے سیاسی شعور کا ثبوت دیا‘رانا ثناء اللہ،صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ اور کارکنوں کو ریلی میں شرکت کی آزادی کے باوجود تعداد مایوس کن رہی،عوام نے احتجاج اور دھرنے کی جعلی سیاست کو مسترد کر دیا‘اپوزیشن مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے،عمران خان کو کارکنوں کو پریشان کرنے اور مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا‘ عوام انتشار پھیلانے والوں سے آگاہ ہیں‘صوبائی وزیرقانون

اتوار 11 مئی 2014 22:51

عمران خان شو فلاپ‘ عوام نے مسترد کر کے اپنے سیاسی شعور کا ثبوت دیا‘رانا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مئی۔2014ء) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان شو فلاپ ہو چکا ہے،صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ اور کارکنوں کو ریلی میں شرکت کی کھلی چھٹی کے باوجود تعداد مایوس کن ہے، عوام نے احتجاجی دھرنے مسترد کر کے سیاسی شعور کا ثبوت دیا ہے، عمران خان کو کارکنوں کو پریشان کرنے اور مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا، ٹرانسپورٹ اور لوگوں کو روکنے کے حوالے سے خبریں قطعی بے بنیاد ہیں۔

انتخابات میں شکست اور ریلیوں کی ناکامیوں نے عمران خان کو ذہنی مریض بنا دیا،عمران خان کی تقریر میں مایوسی اور تضادات نمایاں تھے، الیکشن کمشن اور چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد کرنے والے آج انہیں پر تنقید کر رہے ہیں۔اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ او عوام کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی کے باوجود 10 کروڑ کی آبادی میں سے 10 سے 12 ہزار افراد ریلی میں شرکت کے لئے گئے۔

(جاری ہے)

90 فیصد لوگ خیبرپختونخوا سے لائے گئے جس کے لئے کی پی کے کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ عوام عمران خان کی احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں کیونکہ منفی سیاست عمران خان کا وطیرہ بن چکی ہے -انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا الزام لگانے والے ثبوت بھی لائیں-عوام نے دھاندلی کا واویلا کرنے والے عمران خان کی باتوں پر یقین کرنا چھوڑ دیا ہے -رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عوام نے احتجاجی سیاست کرنے والوں کو آج ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے اوربے مقصد احتجاج کرنے والے آج شدید مایوسی کا شکار ہیں-انہوں نے کہا کہ ملک کے باشعور عوام انتشار پھیلانے والوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے احتجاجی سیاست سے لاتعلق رہ کر اپنی سیاسی بیداری کا ثبوت دیا ہے -انہوں نے کہا کہ مخالفین ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے،ان کا ایجنڈا منفی سیاست پر مبنی ہے-آج کی ناکامی کے بعد احتجاجی سیاست کرنے والوں کو اپنے رویے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے-انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاسی مقبولیت سے مخالفین شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،اسی لئے وہ منفی سیاست کے ذریعے اپنے مقاصد کا حصول چاہتے ہیں- رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے بم دھماکے میں نہ تو کوئی حکومتی عہدیدار زخمیوں کی عیادت کے لئے گیا اور نہ ہی کسی کے جنازے میں شریک ہوا۔

خیبرپختونخوا کے عوام حکومت کے ظالمانہ رویے پر سراپا احتجاج ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :