ملک گیر احتجاج کے ذریعہ قوم نے الیکشن 2013ء کے نتائج کیخلاف فیصلہ سنا دیا‘ چودھری پرویزالٰہی،مہنگائی، بیروزگاری، امن و امان کی بدتر صورتحال کے خلاف احتجاج حکومتی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے‘ میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 مئی 2014 20:34

ملک گیر احتجاج کے ذریعہ قوم نے الیکشن 2013ء کے نتائج کیخلاف فیصلہ سنا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مئی۔2014ء) مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک گیر احتجاج کے ذریعہ قوم نے مئی 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج کیخلاف فیصلہ سنا دیا ہے، مہنگائی، بیروزگاری، امن و امان کی بدتر صورتحال کے خلاف بھرپور احتجاج حکومتی پالیسیوں پرعدم اعتمادکا اظہار ہے۔ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جس احتجاج اور تحریک کا آغاز ہوا ہے اس کا سلسلہ جاری رہے گا یہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے بغیر ختم نہیں ہو گی، آگے چل کر گرینڈ اپوزیشن الائنس بن کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں اور آج عوام نے بھی اس موقف کی تصدیق کر دی ہے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں زبردست دھاندلی کی گئی، حکمرانوں کا مینڈیٹ جعلی ہے اور الیکشن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہائی جیک کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان بالکل درست کہہ رہے ہیں کہ سابق چیف جسٹس صاحب اس میں ملوث ہیں بلکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ 11 مئی کو جی او آر میں بیٹھے ایک پردہ نشین جو دھاندلی کے اس پراجیکٹ کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور پراجیکٹ کو کوآرڈی نیٹ کر رہے تھے ان کو بھی بے نقاب ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف 4 سیٹوں کا نہیں بلکہ ہر جگہ جھرلو پھیرا گیا اور جو بھی بیگ کھولا جائے گا اس میں ردی اور ہاتھوں و پاؤں کے انگوٹھوں والے بلا دستخط جعلی بیلٹ پیپروں کے سوا کچھ نہیں نکلے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کے انکشافات نے سابق چیف جسٹس کی انتخابی عمل میں مداخلت کو ثابت کر دیا ہے۔