لاہور سے کراچی لائے جانے والے اسٹیٹ بینک کے خزانے میں سے 3 کروڑ روپے کے پرائز بانڈز غائب ہوگئے ،پرائز بانڈ کی 10 پیٹیوں کی نگرانی پر پرائز بانڈ سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کے 16 اہلکار تعینات تھے جن میں سے 6 پولیس اہلکار حیدرآباد اسٹیشن پر اتر گئے،10 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ایس پی ریلوے نے تحقیقات کا حکم دیدیا،پرائز بانڈز کے نمبر ہمارے پاس ہیں، جن کو فوری طور پر منسوخ کردیا گیا ہے، ترجمان اسٹیٹ بینک، کینٹ ریلوے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ۔ تفصیلی خبر

ہفتہ 10 مئی 2014 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مئی۔2014ء) لاہور سے کراچی لائے جانے والے اسٹیٹ بینک کے خزانے میں سے 3 کروڑ روپے کے پرائز بانڈ غائب ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ پولیس کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ پرائز بانڈ لاہور سے کراچی ایکسپریس کے ذریعے کراچی لائے جارہے تھے۔ پرائز بانڈ کی 10 پیٹیوں کی نگرانی پر پرائز بانڈ سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کے 16 اہلکار تعینات تھے جن میں سے 6 پولیس اہلکار حیدرآباد اسٹیشن پر اتر گئے۔

جب ٹرین 14 گھنٹے کی تاخیر سے رات 2 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچی تو اسٹیٹ بینک کے خزانے کی پیٹیاں اتارے بغیر ہی ٹرین کو صفائی کے لئے واشنگ لائن بھیج دیا گیا اور جب خزانے کی پیٹیاں چیک کی گئی تو اس میں ایک پیٹی غائب تھی۔واقعے کی اطلاع کے بعد پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو ایک پولیس اہلکار بے ہوش پایا گیا جسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

10 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ایس پی ریلوے نے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ ایس پی ریلوے رابن یامین نے کہا ہے کہ 3 کروڑ کے پرائز بانڈ کی چوری کا مقدمہ تھانہ کینٹ ریلوے میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ اسٹیٹ بینک کے افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سے اسٹیٹ بینک کی پیٹیوں میں پرائز بانڈ بھجوائے گئے تھے۔

بانڈز لانے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر متعلقہ عملے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کراچی ایکسپریس کے ذریعے 10 پیٹیوں میں ڈال کر لاہور سے کراچی منتقل کئے جارہے تھے جن میں سے غائب ہونے والی پیٹی میں 3 کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈ تھے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ پرائز بانڈز کے نمبر ہمارے پاس ہیں، جن کو فوری طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔