وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ترکی کی وزارت صحت کے وفد کی ملاقات ،طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال مظفر گڑھ میں طیب اردگان ہسپتال کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ترکی کی حکومت کا شاندار تحفہ ہے،ہسپتال میں علاج معالجہ مفت ہوگا،پاکستان اور ترکی کے مابین گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات تیزی سے تجارتی و معاشی مراسم میں بدل رہے ہیں‘وزیراعلیٰ کی ترک وفد سے گفتگو ،پنجاب حکومت کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کریں گے ، ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی تربیت کے لئے تعاون کریں گے‘ سربراہ ترک وفد

ہفتہ 10 مئی 2014 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات تیزی سے تجارتی و معاشی مراسم میں بدل رہے ہیں، ترکی کی متعدد کمپنیاں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرر ہی ہیں جس سے دونوں ممالک میں دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہورہاہے، مظفر گڑھ میں طیب اردگان ہسپتال کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ترکی کی حکومت کا شاندار تحفہ ہے،طیب اردگان ہسپتال میں 21جون سے طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی جائے گی او ریہاں عوام کو علاج معالجہ مفت حاصل ہوگا۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ترکی کی وزرات صحت کے اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا- ترک وفد میں ڈائریکٹرجنرل فارن اینڈ یورپی یونین افےئرز ڈاکٹر اونرگنر ،ڈاکٹر حسان باسکایا اوردیگراعلی حکام شامل تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے 2010کے بد ترین سیلاب کے دوران مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں کی مدد کر کے ایثار اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

انہوں نے کہاکہ ترک حکومت اور عوام نے قدرتی آفت سیلاب کے دوران جنوبی پنجاب میں دن رات کام کیا اور پانیوں میں گھرے لوگوں کی بھر پورمدد کی ۔انہوں نے کہاکہ طیب اردگان ہسپتال پاکستان اور ترکی کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات کی اعلیٰ مثال ہے۔ ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری نصب کی گئی ہے اور ہسپتال میں جدید ترین طبی سہولیات دستیاب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتال کے ساتھ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے لئے رہائشی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردگان ہسپتال کو امانت سمجھ کر چلائیں گے اور اسے پاکستان بھر میں ایک ماڈل ہسپتال بنائیں گے۔ اسی ماڈل کی طرز پر دیگر سرکاری ہسپتالوں کو بھی چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے اربوں روپے کے وسائل صرف کئے جا رہے ہیں۔ نئے ہسپتالوں کے قیام کے ساتھ پہلے سے موجود ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ترک وفد کے سربراہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کریں گے۔

ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی تربیت کے لئے بھی تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ کی اپ گریڈیشن کے لئے بھی معاونت فراہم کریں گے-مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق،ترکی میں پاکستان کے سفیرمحمد ہارون شوکت،چیف سیکرٹری، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :