پاکستانی قوم بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے جنہیں صحیح سمت دے کر قومی ترقی کے عمل کو دوام بخشا جا سکتا ہے‘ چوہدری محمد سرور ،پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ،شائد ہی کوئی شعبہ ہو جس میں عالمی سطح پر پاکستانی پروفیشنل کا نام نمایاں نہ ہو،انفرادی سوچ کی بجائے اجتماعی سوچ کو پروانا چڑھانا ہوگا تاکہ قومی مفادات کے حصول کیلئے ہم سب یکجاں ہو جائیں‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 10 مئی 2014 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مئی۔2014ء) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے جنہیں صحیح سمت دے کر قومی ترقی کے عمل کو دوام بخشا جا سکتا ہے،پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور شائد ہی کوئی شعبہ ہو جس میں عالمی سطح پر پاکستانی پروفیشنل کا نام نمایاں نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کی پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت فراہم کرنے والے ادارے کوتھم کے سربراہ احمد شفیق جنہیں(سٹار آف انڈسٹری ایوارڈ ۔یو ایس اے) سے نوازا گیا تھا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سیاحت ، ہوٹل انڈسٹری ، میڈیا اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی محنتی اور پُر عزم قوم ہیں جن کو انفرادی سوچ کی بجائے اجتماعی سوچ کو پروانا چڑھانا ہوگا تاکہ قومی مفادات کے حصول کے لئے ہم سب یکجاں ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بلاشبہ مواقعوں کی سرزمین ہے اور دُنیا کے مختلف ملکوں میں کامیابی کے بعد پاکستان کا رُخ کرنے والے پیشہ وارانہ افراد کی یہاں آمد اس بات کا واضع ثبو ت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ملک و قوم کا نام روزشن کرنے والے پاکستان کے سفیر ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی پاکستان سے محبت کے جذبے سے سرشار ہیں اور جب کوئی پاکستانی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرتا ہے تو انہیں بھی اتنی ہی خوشی ہوتی ہے جتنی کہ پاکستان میں رہنے والے لوگوں کو۔

گورنر نے ہوٹل انڈسٹری میں امریکہ کا سب سے بڑا ایوارڈ حاصل کرنیوالے پاکستانی احمد شفیق کو کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت آج پوری دُنیا میں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ انہوں نے 12سال پہلے بیرون ملک اپنا سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آنے اور یہاں ایک کمرے سے کالج شروع کرنے والے احمد شفیق کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ان کا ادارہ ایک کالج سے 9کالج تک منتقل ہو گیا ہے اور ان کی یہ کامیابی ہم سب کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔

اس موقع پر تقریب سے امریکی ایوارڈ یافتہ احمد شفیق نے کہا کہ ان کے لئے وہ لمحہ یاد گار ہے جب مختلف ملکوں کے درمیان ایک پاکستانی کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے وطن آئیں اور اپنے تجربات سے اس سرزمین کو ترقی کے عروج پر پہنچانے میں اپنا کردار اد ا کریں۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور حمد شفیق کی کارکردگی کو سراہا جس کی وجہ سے پوری دُنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :