اکتالیس حکومتی افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 10 مئی 2014 12:53

اکتالیس حکومتی افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ

گجرانوالہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مئی 2014ء) انسداد کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) نے 41 حکومتی افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو اے سی ای کے مقامی ڈائریکٹر مظفر خان سیال نے ڈان کو بتایا کہ ان افسران پر کرپشن کے مقدمے ہیں اور انہیں عدالت نے مفرور قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے سی ای نے ان افسران کے خلاف مقدمے درج کر رکھے ہیں تاہم یہ مفرور ہیں اور ٹرائل کے لیے خود کو پیش کرنے کے لیے تیار نہیں۔

(جاری ہے)

سیال کا کہنا تھا کہ یہ افراد بڑے پیمانے کی کرپشن میں ملوث ہیں اور کسی بھی وقت بیرون ملک منتقل ہوسکتے ہیں اور اسی وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ چھاپوں کے دوران 56 ملزمان، 22 مفرور اور چار گزیٹیڈ افسران کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہیں 118 نئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں جبکہ آٹھ نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چار حکومتی افسران کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھ بھی پکڑا گیا۔