امریکی نائب وزیر خارجہ کی وزیر خزانہ سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال ، پاکستانی معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے ، امریکی نائب وزیر خارجہ جے برنز ،امید ہے مریکہ سے زندہ جانوروں کی درآمد کی اجازت دیدی جائے گی ، ملاقات میں بات چیت

جمعہ 9 مئی 2014 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء) امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ولیم جے برنز نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ انکے حالیہ دورہ امریکہ کے دیرپا اثرات مرتب ہوئے ہیں اور واشنگٹن میں پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا گیا ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور انکے نتائج توقع سے بڑھ کر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر خزانہ نے انہیں قومی معیشت سے متعلق بریفنگ دی اور گزشتہ دس ماہ کے دوران اقتصادی اشاریوں میں ہونیوالی بہتری سے آگاہ کیا۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ کامیاب دورہ برطانیہ کی تفصیلات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو ایشیائی ترقیاتی بنک کے بورڈ آف گورنرز کے آستانہ میں ہونے والے اجلاس کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے تیسرے جائزے کے حوالے سے آئی ایم ایف حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے آگاہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں میں امریکی معاونت کی تعریف کی۔

اسحاق ڈار نے بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈز جمع کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سی ایس ایف کے اجراء کے سلسلے میں نائب وزیر خارجہ ولیم جے برنز کے کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ بقایا رقم بھی تیز بنیادوں پر ادا کی جائے گی۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ امریکہ سے زندہ جانوروں کی درآمد کی اجازت دیدی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ اس ضمن میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی مناسب فیصلہ کرے گی۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کو توانائی، زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :