حکومت ،قوم ملک کے بحری دفاع کیلئے ہر ممکن وسائل ،جدید سازو سامان مہیا کررہی ہے،ایڈمرل آصف سندیلہ ، ہمیں نڈر، جدت پسند اور حقیقت پسند ہونا چاہئے ،نیول آپریشنز کے دوران احتیاط کے دامن کو تھامے رکھنا ضروری ہے،نیول چیف کا تقریب سے خطاب

جمعہ 9 مئی 2014 20:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء)پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2013 جمعہ کو بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیفٹی ریویو ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد پاک بحریہ کے مختلف یونٹس میں مجموعی طور پر سیفٹی کے معیارات کو پرکھنا ہے۔ علاوہ ازیں گذشتہ واقعات کے تفصیلی تجزیے کی روشنی میں سیفٹی کلچر کو فروغ دینا اور اس سے متعلق آگاہی پیدا کرنا بھی اس کا ایک اہم مقصد ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے پاک بحریہ میں سیفٹی کلچر کے فروغ اور اس میں لائی جانے والی مثبت تبدیلی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس حقیقت کا اظہار بھی کیا کہ سیفٹی اور آپریشنل تیاری کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔

(جاری ہے)

اس سے انکار ممکن نہیں کہ سمندر اور خشکی پر بحری آپریشنز میں خطرہ ایک لازمی امر ہے جس کو جامع منصوبہ بندی اور اس کی بہترین عملی شکل کی بدولت کم کیا جاسکتا ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ احتیاط کے عنصر کو بھی پوری طرح سامنے رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی غلطی کے عنصر کو مکمل طور پر خارج از امکان قرار دینا ممکن نہیں تاہم ہر سطح پر طے شدہ طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اسے کم سے کم کرنے کی کوشش ضرور کی جا نی چاہیے ۔نیول چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت اور قوم ملک کے بحری دفاع کے لیے ہر ممکن وسائل اور جدید سازو سامان مہیا کررہی ہے تاکہ بحریہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرسکے۔

لہذا یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنی افرادی قوت اور سازو سامان کی بہتر تربیت اور احتیاطی تدابیر سے مکمل آگاہی کے ذریعے حفاظت کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نڈر، جدت پسند اور حقیقت پسند ہونا چاہیے تاہم نیول آپریشنز کے دوران احتیاط کے دامن کو تھامے رکھنا ضروری ہے۔ ہمارا مقصد ایک محفوظ اور موثر بحریہ ہونا چاہیے ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور انہیں مبارک باد پیش کی۔