اسلام دشمن قوتیں بھارت کے مقابلہ میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، بین الاقوامی سازشوں کا بڑا ہد ف پاکستان ہے‘ حافظ محمد سعید

جمعہ 9 مئی 2014 17:13

اسلام دشمن قوتیں بھارت کے مقابلہ میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9مئی 2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں بھارت کے مقابلہ میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، بین الاقوامی سطح پر جاری سازشوں کا سب سے بڑا ہد ف پاکستان ہے، پراپیگنڈا کے ذریعے افواج پاکستان اوردفاعی اداروں کو کمزور کرنے کے خوفناک کھیل کھیلے جارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں حالیہ انتخابات کا کشمیری قوم نے تاریخی بائیکاٹ کیا ہے، نریندر مودی کی پاکستان مخالف دھمکیوں سے نظریہ پاکستان کی حقیقت ایک بار پھر دنیا پر واضح ہورہی ہے، گائے کے ذبیحہ پر پابندی اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، جس دن ایسی ناپاک کوشش کی گئی بھارت کے تیس کروڑ مسلمان میدان میں کھڑے ہوں گے اوربھارت کو اپنا وجود برقرار رکھنا بھی مشکل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ انتخابات کے دوران بعض علاقے ایسے ہیں جہاں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔مظلوم کشمیریوں نے اتحادویکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جس طرح الیکشن کا تاریخ ساز بائیکاٹ کیا ہے اس سے ایک بار پھر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کشمیری کسی صورت مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

حافظ محمد سعیدنے کہاکہ بھارت سرکار کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد کرنے کیلئے نت نئے حربے اختیار کر رہی ہے۔ آئے دن کشمیری طلباء پر تشدد کر کے انہیں یونیورسٹیوں سے بے دخل کیاجارہا ہے۔ چند دن قبل بھی کشمیری طلباء کے پاکستان کے خلاف نعرے نہ لگانے پر انہیں زبردست تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ہندو انتہا پسند نریندر مودی ابھی وزیر اعظم نہیں بنا کہ اس نے پورے بھار ت میں مسلم کش فسادات بھڑکانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

آسام میں ہونے والے قتل عام میں انہی ہندو انتہا پسند تنظیموں کے درندے ملوث ہیں۔بی جے پی کی جانب سے آئے دن دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ جس طرح امریکہ نے اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کیا تھا وہ بھی پاکستان پر اسی طرح حملہ آور ہوں گے۔وہ تشدد کی جس آگ کو بھڑکا رہے ہیں اس سے پوری دنیا پر ان کا دہشت گردانہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے والا نریندر مودی کہتا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد گائے کے ذبیحہ پر پابندی اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرے گا۔

ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ جس دن ایسا کرنے کی کوشش کی گئی پورے بھارت میں بسنے والے تیس کروڑ مسلمان اٹھ کھڑے ہوں گے اور وہ کسی کو اپنے مذہبی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ مسلمانوں اور ہندوؤں کے مابین کوئی قدر مشترک نہیں ہے۔لوگ یہ باتیں بھول جاتے ہیں مگر اللہ تعالیٰ دوقومی نظریہ کو پھر سے زندہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں دین اسلام کو مسجد کی چاردیواری تک محدود رکھنا چاہتی ہیں۔

مسلم معاشروں میں لادینیت ، فحاشی و عریانی اور سیکولرازم کو پروان چڑھایاجارہا ہے۔ایسی صورتحال میں قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگر ہم نے اپنے معاشروں کو اسلامی بنیادوں پر استوار کیا تو ہم بین الاقوامی دنیا سے کٹ جائیں گے لیکن یہ باتیں درست نہیں ہیں۔ فرقہ واریت، معاشرتی ناہمواریوں اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے سبھی مسئلے ملک میں اسلامی شریعت نافذ کرنے سے حل ہوں گے۔

چودہ سو سال پہلے کی طرح آج بھی مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے مایوسیاں پھیلا رہی ہیں۔ دہشت گردی، تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ پروان چڑھاکرپاکستان کو مشکلات سے دوچار کیاجارہا ہے۔ وہ اس خطہ میں پاکستان کے کردار کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

دشمنان اسلام کو خوف ہے کہ ایٹمی صلاحیت رکھنے والا ملک پاکستان اگر صحیح معنوں میں اسلامی پاکستان بن گیا تو یہ عالم اسلام کی قیادت کرنے والا مضبوط ملک بن جائے گا اور پورے عالم اسلام کا دفاع کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اسے غیر مستحکم کرنے اور دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ہمیں ان سازشوں کو بخوبی سمجھتے ہوئے قوم کو متحد و بیدارکرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ پوری دنیامیں مسلمان اپنی عزتوں و حقوق کے تحفظ کیلئے بیدار ہو رہے ہیں۔ جس طرح روس اور امریکہ افغانستان میں نہیں ٹھہر سکے اسی طرح بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا۔