پولیس کی وردیوں میں ڈکیتیاں اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والے لیاری گینگ وار گروپ کے دو کارندے پولیس مقابلے میں ہلاک

جمعرات 8 مئی 2014 22:50

پولیس کی وردیوں میں ڈکیتیاں اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والے لیاری گینگ وار ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) پولیس کی وردیوں میں گھروں میں ڈکیتیاں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث لیاری گینگ وار گروپ کے رشید عرف چیف گروپ کے دو کارندے ماڑی پور پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد مارے گئے۔ یہ بات ایس پی کیماڑی ظفر علی شاہ نے جمعرات کے روز جیکسن تھانے میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ماڑی پور پولیس نے خفیہ اطلاع پر سالٹ ورکس ماڑی پور میں چھاپہ مارا جس پر گینگ وار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو خطرناک ملزم عظیم عرف چاسر ولد یار محمد اور عبدالقادر عرف کالو کرنٹ ہلاک ہوگیا جبکہ ملزمان کے تین ساتھی عبدالرشید عرف چیف ولد گل حسن، عبدالحمید عرف لمبو ولد ملنگ اور عابد عرف ڈاڈا ولد امتیان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، گولیاں، ایف سی اور پولیس کی وردیاں ،نجی چینل کے رپورٹر سے چھینے ہوئے کارڈ، بینک کے 10 اے ٹی ایم کارڈ اور 4 عدد موبائل برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان لیاری گینگ وار کے اہم کارندے ملا نذیر عرف مکینک کی ہلاکت کے بعد اس کی جگہ عبدالرشید عرف چیف کی کمانڈ میں کام کرتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ جلد گرفتاری متوقع ہے۔