Live Updates

عمران خان جن مقاصد کو لے کر احتجاجی سیاست کرنے نکلے ہیں وہ پورے نہیں ہونگے ‘حمزہ شہباز شریف....عمران خان کی سیاسی قلابازیاں محض میڈیا میں ان رہنے کی کوششیں ہیں جنہیں عوام اچھی طرح سمجھتے ہیں‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 مئی 2014 22:23

عمران خان جن مقاصد کو لے کر احتجاجی سیاست کرنے نکلے ہیں وہ پورے نہیں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی احتجاجی ریلی سے 11مئی کو کوئی قیامت نہیں آئے گی، عمران خان عوام کو دھوکہ دینے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ، عوام حیران ہیں کہ آخر ایک سال بعد اچانک عمران خان کو احتجاجی ریلی نکالنے کا خیال کیوں آگیا ہے ، دھاندلی کے الزامات کا راگ الاپنے پر اب عوام بھی عمران خان پر ہنستے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جن مقاصد کو لے کر احتجاجی سیاست کرنے نکلے ہیں وہ پورے نہیں ہوں گے کیونکہ عوام بحیثیت سیاستدان ان کا ایجنڈا مسترد کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان کی سیاسی قلابازیاں محض میڈیا میں ان رہنے کی کوششیں ہیں جنہیں عوام اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع ملا ہے اب وہ مسائل میں گھرے ہوئے اس صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے وہاں کام کریں احتجاج اور ریلیوں کی سیاست نہ خود ان کے لئے اچھی ہے نہ ملک و قوم کے لئے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت توانائی کے منصوبوں پر پورے زوروشور سے کام کررہی ہے اور آئندہ چند سالوں میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے ملکی ترقی کی راہ میں حائل یہ رکاوٹ بھی دور کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ برطانیہ کے موقع پر برطانوی وزیراعظم نے ہماری حکومت کے اقدامات کو سراہا اور پاکستانی حکومت کی سمت کو درست قرار دیا۔قبل ازیں حمزہ شہباز شریف نے حویلی آصف جاہ لاہور میں ساؤتھ ایشین پالیسی ڈائیلاگ کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں منعقدہ ثقافتی شو میں شرکت کی ۔انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں تعلیمی انقلاب لانے کے لئے کوشاں ہے اس مقصد کے لئے دانش سکول ، تعلیمی انڈوومنٹ فنڈ ، لیپ ٹاپ پروگرام اور آئی ٹی لیبز کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں تاکہ نئی نسل مفید شہری بن کر ملک کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرسکے ۔

حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پورے خلوص اور نیک نیتی سے سرگرم عمل ہیں ۔ ہماری حکومت یہ سمجھتی ہے کہ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل حل کئے بغیر ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار نہیں کیاجاسکتا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن ) کی حکومت نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے جو کوششیں کی ہیں اس کے نتیجے میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے اور عوام کو ریلیف ملا ہے ۔

حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں ہماری حکومت خاص طور پر سنجیدہ اور متحرک ہے۔ ہماری اعلی تعلیم یافتہ نوجوان نسل مستقبل میں پاکستان کی باگ ڈور سنبھالے گی۔ اس مقصد کے لئے انہیں اعتماد اور علم جیسے ہتھیاروں سے لیس کرنا ضروری ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات