Live Updates

عمران خان اور طاہر القادری کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں‘ چودھری شجاعت حسین

جمعرات 8 مئی 2014 21:48

عمران خان اور طاہر القادری کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں‘ چودھری شجاعت ..

پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، صاف شفاف انتخابات کیلئے انتخابی نظام میں مکمل اصلاح کا اُن کا مطالبہ درست ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ 11 مئی کے انتخابات کے بعد پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ ان انتخابات میں دھاندلی کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، ن لیگ نے ریٹرننگ افسروں کے ساتھ مل کر جو کھیل کھیلا اب اس سے پردہ اٹھ رہا ہے اور تمام چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں، ان حالات میں ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان سمیت ہم سب کا حق بنتا ہے کہ انتخابی نظام میں مکمل اصلاح کی بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے الیکشن سے پہلے ہی قوم کو خبردار کر دیا تھا کہ 11 مئی کو الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہو گا اور جھرلو پھرے گا، ان کی یہ بات سچ ثابت ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود الیکشن ٹربیونلز متاثرہ امیدواروں کی الیکشن پٹیشنز پر فیصلہ دینے سے قاصر ہیں لہٰذا اب عمران خان کو اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں پیش کرنے کا پورا حق ہے لیکن ان کو صرف چار حلقوں پر فوکس کرنے کی بجائے طاہر القادری کی طرح پورے انتخابی نظام کی اصلاح کی بات کرنا چاہئے کیونکہ صرف جزوی اصلاح سے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات