Live Updates

اداکارہ وینا ملک نے شیخ رشید کو اپنا بزرگ قرار دیدیا۔۔۔پاکستان کو میری زیادہ ضرورت ہے،عمران خان کے خیالات سے متاثر ہوں

جمعرات 8 مئی 2014 21:41

اداکارہ وینا ملک نے شیخ رشید کو اپنا بزرگ قرار دیدیا۔۔۔پاکستان کو میری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) اداکارہ وینا ملک نے شیخ رشید کو اپنا بزرگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو میری زیادہ ضرورت ہے اور اب اپنا تمام وقت پاکستان میں ہی گزاروں گی ، عوام کی خوشحالی کی بات کرنے والی سیاسی جماعت میں شامل ہونا پسند کروں گی جبکہ میں عمران خان کے خیالات سے متاثر ہوں ،اداروں کے درمیان تصادم ملک و قوم کے مفاد میں نہیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے تو بہتر ہوگا ۔

اپنے خاوند اسد خٹک کے ہمراہ ڈی ایچ اے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ مجھے بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بے پناہ کامیابیاں ملی ہیں لیکن اب مجھے پاکستان میں کام کر کے خوشی ہو گی ۔ میں انٹر ٹینمنٹ سے وابستہ رہوں یا سماجی کاموں سے تمام وقت پاکستان میں گزاروں گی تاہم اگر بیرون ملک جانا ہوا تو وہ بہت تھوڑے عرصے کے لئے ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کروں گی اور میں اسکی سفیر بھی مقرر ہو چکی ہوں، ہمارا ہسپتال اور تعلیمی ادارے بنانے کا ارادہ ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں وینا ملک نے کہا کہ میرا تعلق ایک فوجی خاندان سے ہے اور میں پاک فوج کی محبت سے واقف ہوں ،میرے سسر بھی فوج میں فرائض سر انجام دے چکے ہیں ۔ فوج کا ادارہ ہمارے ملک ایک ستون کی حیثیت رکھتا ہے اور سب جانتے ہیں کہ مشکل حالات میں فوج نے پاکستان کو سہارا دیا اور پاک فوج کو سب کا سلام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے تصادم سے ملک و قوم کا نقصان ہوگا اور تمام معاملات بات چیت کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں۔ پاکستان میں تمام ادارے آزاد ہیں لیکن سب کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔ آزادی رائے انفرادی ہو یا اجتماعی لیکن یہ دیکھنا چاہیے کہ اس سے ملک و قوم کا نقصان تو نہیں ۔ انہوں نے پاکستان فلم انڈسٹر کے بعض لوگوں کی طرف سے انکا بائیکاٹ کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ایک شخصیت ہوں اور لوگوں کی میرے بارے میں متضاد رائے ہو سکتی ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ لوگ آج بھی مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میں یہاں لوگوں کی مزید محبتیں سمیٹوں گی ۔

ا نہوں نے شکر گڑھا میں خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے خیبر پختوانخواہ حکومت سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے خاتون کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اس حوالے سے عالمی انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے اس کی مذمت کا نوٹیفکیشن آیا ہے اور ہم سب متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے بھارت شہریت کے لئے درخواست کے سوال کے جواب میں کہا کہ جب بلی نہیں ہوتی تو چوہے بہت ناچتے ہیں میری ملک میں عدم موجودگی کے دوران بہت سی افواہیں پھیلائی گئیں کہ میں بھارت اور امریکہ کی شہریت لینا چاہتی ہوں لیکن میں آج بتانا چاہتا ہوں کہ میں سبز پاسپورٹ پر سفر کر کے عزت اور فخر محسوس کرتی ہوں اور مجھے کبھی بھی امیگریشن کے دوران مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے شیخ رشید کی طرف سے انکی چائے کی دعوت ٹھکرانے کے سوال کے جواب پر کہا کہ ان کے بارے میں کیا کہوں وہ ہمارے بزرگ ہیں ۔ اس موقع پر اسد خٹک نے کہا کہ میں شیخ رشید کا پرستا ر ہوں یقینا وہ 11مئی کے احتجاج کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اگر انہوں نے چائے سے انکار کرنا ہوتا تو ہمیں ڈی چوک میں آنے کی دعوت نہ دیتے ہم ان سے ضرور ملاقات کریں گے۔ اسد خٹک نے کہا کہ وینا ملک صاف گو ہے ۔ وینا کو میں نے اور میرے گھر والوں نے پسند کیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات