سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کا اجلاس ،فیڈرل کورٹ رپیل بل 2014 ،نیشنل جو ڈیشل کمیٹی ترمیمی بل 2014 متفقہ طورپر منظور

جمعرات 8 مئی 2014 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف نے فیڈرل کورٹ رپیل بل 2014 اور نیشنل جو ڈیشل (پالیسی میکنگ )کمیٹی ترمیمی بل 2014 کو متفقہ طورپر منظور کرلیا ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین کمیٹی محمد کاظم خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق ، سینیٹر ز میاں رضا ربانی ، ڈاکٹر محمد جہانگیر بدر ، اعتزاز احسن ، احمد حسن ، سید ظفر علی شاہ ، اور محمد داؤد خان اچکزئی ایڈووکیٹ کے علاوہ سپیشل سیکرٹری برائے قانون وانصاف جسٹس ریٹائرڈ محمد رضا خان نے شرکت کی ۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی سے پاس شدہ پانچ مختلف ترمیمی بلز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن میں لیگل پریکٹشنز اینڈ بارکونسلزترمیمی بل 2014 ،فیڈرل کورٹ رپیل بل 2014 ،نیشنل جو ڈیشل (پالیسی میکنگ )کمیٹی ترمیمی بل 2014 ،قانون وانصاف کمیشن آف پاکستان ترمیمی بل 2014 اور سروس ٹریبونل ترمیمی بل 2014 پر تفصیل سے بحث کی گی ۔

(جاری ہے)

لیگل پریکٹشنز اینڈ بارکونسلزترمیمی بل 2014 کے حوالے سے سپیشل سیکرٹری جسٹس ریٹائرڈ محمد رضا خان نے کمیٹی کو بتایا کہ اس ترمیمی بل میں اسلام آباد بار کونسل کے قیام کے متعلق قانون سازی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ پہلے چاروں صوبوں میں ہائی کورٹ قائم تھیں اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اب قائم کی گئی ہے اور چاروں صوبوں میں صوبائی بار کونسلز موجود ہیں تو اسلام آباد میں ہائی کورٹ قائم ہونے کی وجہ سے یہاں بھی بارکونسل بنائی جائے اور اس کیلئے اسلام آبا دکو مشرقی اور مغربی اسلام آباد میں تقسیم کیا گیا ہے اور اسلام آباد بار کونسل کے ممبران کی تعداد پانچ ہو گی جس پر قائمہ کمیٹی نے ممبران کی سلیکشن اور ڈسٹرکٹ کے حوالے سے تقسیم کا فارمولہ نہ ہونے کی وجہ سے بل کو آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا ۔

قانون وانصاف کمیشن آف پاکستان ترمیمی بل 2014 کے حوالے سے سپیشل سیکرٹری نے کہا کہ قانون وانصاف کے پاس ایک فنڈ موجود ہے جس کی سالانہ آمدن ہوتی ہے جس کو سات مختلف مدوں میں خرچ کیا جاتا ہے اس بل میں یہ تجویز کیا گیا ہے کہ فیڈرل جودیشل اکیڈمی پر اُس منافع کا 4.5 فیصد خرچ کیا جاتاہے فیڈر ل جوڈیشل اکیڈمی صوبائی سطح پر بھی ہے تو اُن پر بھی خرچ کیا جانا چاہیے جسے کمیٹی نے مزید غورو غوض کے لیے آئندہ اجلاس تک کے لئے موخر کر دیا ۔قائمہ کمیٹی نے سروس ٹربیونل ترمیمی بل 2014 کو بھی مزید غورو غوض کے لئے آئندہ اجلاس تک کے لئے موخر کر دیا ۔ فیڈرل کورٹ رپیل بل 2014 اور نیشنل جو ڈیشل (پالیسی میکنگ )کمیٹی ترمیمی بل 2014کو اراکین کمیٹی نے متفقہ طورپر منظور کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :