ایف بی آئی ایجنٹ کو حکومت اور امریکی سفارتخانے کے دباؤ پر رہا کردیا گیا

جمعرات 8 مئی 2014 16:59

ایف بی آئی ایجنٹ کو حکومت اور امریکی سفارتخانے کے دباؤ پر رہا کردیا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) سیشن عدالت ملیر نے گر فتار ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئیل کاکس کی ضمانت 10 لاکھ روپے میں منظور کر لی گئی ہے۔ سیشن عدالت ملیر نے 3 روز قبل کراچی ایئر پورٹ سے حراست میں لئے گئے ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئیل کاکس کی درخواست پر اس کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے عوض منظور کر لی ہے، جس کے بعد اسے کسی بھی وقت رہا کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جوئیل کاکس کی رہائی حکومت اور امریکی سفارت خانے کے دباؤ پر عمل میں آئی ہے، امریکی سفارت خانے کے کہنے پر ہی ایف بی آئی ایجنٹ کو تھانہ ایئرپورٹ کے بجائے آرٹلری میدان پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا، جوئیل کاکس کی رہائی کے لئے چیف سیکرٹری اور ہوم سیکر ٹری خود تھانے گئے اور پولیس حکام کو کیس ختم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جس پر پولیس نے سیشن کورٹ ملیر میں ریکارڈ پیش کیا کہ جوئیل کاکس کسی بھی مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ کراچی سے حراست میں لیا گیا امریکی شخص ایف بی آئی کا اہلکار ہے، جوئیل کاکس امریکی سفارت کار ہے اور نہ ہی اسے کسی قسم کا استثنیٰ حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوئیل کاکس سیاحتی ویزے پر پاکستان آیا تھا، معاملے پر امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور صرف امریکی کونسلر کو ایف بی آئی کے اہلکار سے ملنے کی اجازت ہے جب کہ کسی سفارت کار کو بھی اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ جوئیل کاکس کو 3روز قبل جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے اسلام آباد جاتے ہوئے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب اس کے سامان سے پستول کی 15 گولیاں اور جاسوسی کے خفیہ آلات برآمد ہوئے تھے۔