سلمان خان کے خلاف اہم مقدمے میں عینی شاہد کی جانب سے شناخت کے بعد بالی ووڈ میں کھلبلی مچ گئی

جمعرات 8 مئی 2014 15:49

سلمان خان کے خلاف اہم مقدمے میں عینی شاہد کی جانب سے شناخت کے بعد بالی ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) بالی ووڈ کے ادا کار سلمان خان کیخلاف ایک اہم مقدمے میں عینی شاہدین کی جانب سے انہیں شناخت کیے جانے کے بعد بالی ووڈ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے ادا کار سلمان خان پر الزام ہے کہ اٹھائیس ستمبر 2002 ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کے زیر استعمال گاڑی نے سڑک پر سوئے لوگوں کو روند دیا تھا۔

سیشن کورٹ میں تین عینی شاہدین نے حلفیہ بیان میں جج کو بتایا کہ انہوں نے سلمان کو حادثہ میں استعمال ہونے والی گاڑی سے اترتے دیکھا تھا۔اس پیش رفت کے بعد بھارت کی فلمی صنعت میں پریشانی پائی جاتی ہے کیونکہ سلمان کی اعلان کردہ فلموں، ہوم پروڈکشنز اور اشتہاروں کی مد میں صنعت کے پانچ ارب انڈین روپے داوٴ پر لگے ہیں۔

(جاری ہے)

بالی وڈ سٹار کو مقدمے میں جیل ہونے کی صورت میں فلم سازوں کو بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان نے حال ہی میں ساجد ناڈیاوالا کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ،کک ، کی عکس بندی تقریباً مکمل کرا دی ہے اور مستقبل میں ان کی کئی بڑی فلمیں جیسے سورج برجاتیہ کی ،پریم رتن دھن پاو ، انیس بزمی کی ، نو انٹری میں انٹری اور کبیر خان کی ،نیکسٹ ،پائپ لائن میں ہیں۔بالی وڈ ٹریڈ کے تجزیہ نگار کومل نہتا کا کہنا ہے کہ بلاشبہ سبھی سلمان خان کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں، لیکن میرے خیال میں ابھی مقدمہ مزید چلے گا اور یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ معاملات سلمان کے خلاف جانے والے ہیں سلمان خان کی اداکاری سے متعلق مختلف منصوبوں پر تین ارب پچاس کروڑ جبکہ اشتہارات کی مد میں پچاس کروڑ انڈین روپے داوٴ پر لگے ہیں۔

اشتہار کاری کی دنیا کے گرو پراہلد ککر کے مطابق ، خدا ناخواستہ اگر فیصلہ سلمان کے خلاف آتا ہے تو ایسے میں انہیں پانچ سے دس سال کی سزا ہو سکتی ہے ، اگر ایسا ہوا تو یہ ان کے کیریئر کا اختتام ہو گا۔ آج کل وہ اپنی زندگی کے بہترین فلمی دور سے گزر رہے ہیں۔انیس بزمی نے بھی معاملہ پر تشویش ظاہر کی ہے، تاہم وہ پر امید ہیں کہ فیصلہ سلمان کے حق میں ہو گا۔سبھی جانتے ہیں کہ سلمان کتنا بڑا سٹار ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ سب ٹھیک ہو گا۔

متعلقہ عنوان :