Live Updates

پی ٹی آئی وسط مدتی انتخابات کے حق میں نہیں ،جمہوریت کیلئے نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو کھڑے ہوں گے ، جاوید ہاشمی ،2013 ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف گیارہ مئی کو احتجاج کرنا تحریک انصاف کا آئینی حق ہے ،جمہوریت کے خلاف سازشیں کر نے والوں کے خلاف لڑینگے ، افواج پاکستان کو آئین کے مطابق چلنا ہوگا ، اسمبلی میں خطاب

بدھ 7 مئی 2014 20:30

پی ٹی آئی وسط مدتی انتخابات کے حق میں نہیں ،جمہوریت کیلئے نواز شریف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ٹی آئی وسط مدتی انتخابات کے حق میں نہیں ،2013 ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف گیارہ مئی کو احتجاج کرنا تحریک انصاف کا آئینی حق ہے ،جمہوریت کے خلاف سازشیں کر نے والوں کے خلاف لڑینگے ، جمہوریت کیلئے نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو کھڑے ہوں گے ،افواج پاکستان کو آئین کے مطابق چلنا ہوگا ۔

بدھ کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہاکہ2013 ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف گیارہ مئی کو احتجاج کرنا تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ہر قیمت پر جموریت اور پارلیمنٹ کی حفاظت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہماری ماں ہے، ہم پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، تمام اداروں کو ملک کی ترقی کے لئے اپنے مینڈیٹ کے تحت کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی پر پابندی کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ ہاوٴسز کے لئے ضابطہ اخلاق ہونا چاہیے جاوید ہاشمی نے کہا کہ جن کے پاس قلم ہے وہ اسے ذمہ داری سے چلائیں اوربندوق والے ذمہ داری سے بندوق چلائیں، وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کو اکٹھا کریں اور غلط فہمیاں دور کریں،سب مل کر پارلیمنٹ کو بچانے میں کردار ادا کریں جاوید ہاشمی نے کہاکہ (ن )لیگ آج بھی ان کا احترام کرتی ہے، (ن )لیگ میں شمولیت سے انہیں کوئی نہیں روکے گا، جاوید ہاشمی نے جمہوریت کیلئے اپنی خدمات گنواتے ہوئے یاد دلایا کہ بارہ اکتوبر کو نواز حکومت کے خاتمے کے بعد انہوں نے ہی آمریت کا مقابلہ کیا جبکہ لوگ منظر عام سے غائب ہو گئے، خواجہ آصف ابوظہبی، اسحاق ڈار جدہ میں تھے اور کوئی والدہ کی گود میں پناہ لئے ہوئے تھا۔

جاوید ہاشمی نے کہاکہ وہ اور ان کی جماعت ملک میں جمہوریت کی حامی ہے، مڈٹرم الیکشن کا نعرہ لے کر کھڑے نہیں ہو رہے، تحریک انصاف نے جمہوریت کیلئے( ن) لیگ کی حکومت کو ایک سال کا وقت دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوں، (ن )لیگ میں واپس نہیں جانا چاہتا، نواز شریف کل بھی ان کے لیڈر تھے اور آج بھی ہیں، ملک میں جمہوریت کیلئے نواز شریف کا ساتھ دینا پڑا تو دوں گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات