کچھ لوگ ایک سال بعد سڑکوں پر آکر انتخابی دھاندلی کے خلاف ہنگامہ آرائی کرنا چاہتے ہیں، آصف علی زرداری ،پہلے بھی ایسے ہوتا رہا ، نشانہ پاکستان پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتیں رہی ہیں،کسی بھی ہنگامہ آرائی اور سیاسی ایجی ٹیشن کا حصہ نہیں بنیں گے ، سابق صدر

بدھ 7 مئی 2014 20:30

کچھ لوگ ایک سال بعد سڑکوں پر آکر انتخابی دھاندلی کے خلاف ہنگامہ آرائی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی۔2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بقاء کی خاطر مئی 2013ء کے انتخابات میں شدید دھاندلی کے باوجود نتائج کو تسلیم کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ کسی بھی ہنگامہ آرائی اور سیاسی ایجی ٹیشن کا حصہ نہیں بنے گی جس کا مقصد یا منطقی نتیجہ جمہوریت کے عمل اور اس کے تسلسل کو غیر مستحکم کرے۔

انہوں نے یہ بات دیر کے مقام پارٹی کے کارکن شہید ظاہر شاہ کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی، جن کو گزشتہ سال آج کے روز دہشتگردوں نے حملہ کرکے شہید کیا تھا۔ سابق صدر زرداری کا پیغام ان کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے دیر میں اوڈی گرام میں ایک جلسے میں پڑھا۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کچھ لوگ انتخابی نتائج قبول کرنے کے ایک سال بعد سڑکوں پر آکر انتخابی دھاندلی کے خلاف ہنگامہ آرائی کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں واضح دھاندلی کے باوجود کسی سیاسی ہنگامہ آرائی کا حصہ نہیں بنے گی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے صوبائی صدر خانزادہ خان کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد باہمی مشاورت سے پارٹی کے تنظیمی امور طے کرکے صوبہ خیبرپختونخواہ میں اس طرح کی سیاسی تقریبات منعقد کرکے پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنائے۔

واضح رہے کہ دیر کے اس حلقے سے پارٹی کے امیدوار زمین خان کے انتخابی جلسے پر دہشگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں کئی کارکن بشمول ان کے بھائی ظاہر شاہ شہید ہوگئے تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات سے صرف چار روز قبل پارٹی کی انتخابی مہم پر دہشتگردوں کا حملہ دراصل اس انتخابی دھاندلی کا حصہ تھا جس کے تحت خفیہ ہاتھوں نے عمل کرکے اپنی مرضی کے مطابق انتخابی نتائج طے کر لئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا پہلے بھی ایسے ہوتا رہا ہے اور نشانہ پاکستان پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتیں رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تواتر کے ساتھ انتخابی دھاندلیوں کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی زخم خوردہ تو ضرور ہے لیکن شکست خوردہ ہرگز نہیں۔ ہم زخموں کے مداوے کے لئے جمہوریت کو داؤ پر نہیں لگائیں گے کیونکہ ہم نے جمہوریت اور جمہوری آزادیوں کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے دو چیئرپرسن یکے بعد دیگر ے نے جمہوری جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسی سیاسی پارٹی ہے جس میں جہاں پارٹی کے کارکنوں نے بے مثال قربانیاں دیں وہاں قائدین نے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جلسے سے صوبائی صدر خانزادہ خان، سینیٹر احمد حسن خان نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں سابق صوبائی و مرکزی وزراء رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں سابق وفاقی وزیرانجینئر ہمایوں خان، نجم الدین خان، لیاقت شباب، ظاہر علی شاہ، چترال سے ایم پی اے سلیم خان اور محمد انور خان بھی شامل تھے۔