سابق چیئر مین ذکاء اشرف نے مجھ سے ایک سال کا معاہدہ کیا تھا ، ایک سال کے لئے چیئر مین سلیکشن کمیٹی ہوں ، انٹرویو

بدھ 7 مئی 2014 14:54

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7مئی 2014ء)عدالتی حکم پر بحال ہونے والے پی سی بی کے چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے تحریری فیصلہ موصول ہو نے کے بعد میں پی سی بی جاکر اپنی ذمہ داریاں نبھاؤں گا ۔ ایک انٹرویو میں محمدالیاس نے کہا کہ میں پی سی بی کی جونئیر نہیں بلکہ قومی سلیکشن کمیٹی کا چیئر مین ہوں کیونکہ عامر سہیل نے اپنے معاہدے پر دستخط نہیں کئے تھے۔

اپنی بحالی پر عدالت کا شکر گذار ہوں اور عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے کہ میرا معاہدہ قانونی ہے میں واپس آکرمیرٹ پر کام کر نے کو ترجیح دوں گا ۔انہوں نے کہاکہ میں واپس آکر نئی ٹیم کا اعلان نہیں کروں گا ۔ہم پروفیشنل لوگ ہیں اور پروفیشنل انداز سے ہی کام کرتے ہیں ۔ماضی میں جب میں چیئر مین سلیکشن کمیٹی تھا تو میری منتخب کر دہ ٹیم کو محض ایک میچ میں شکست کا سامنا کر نا پڑا تھا ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے ساتھ ڈیل کی اطلاعات کے بارے میں محمد الیاس نے کہا کہ میری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہو ئی بلکہ جب نجم سیٹھی چیئر مین پی سی بی منتخب ہو ئے تو بطور پی سی بی ملازم کے میری اُن سے ایک ملاقات ہوئی تھی ا س کے بعد میں کبھی اُن سے نہیں ملا ۔پی سی بی میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی عدالت کا تحریری فیصلہ موصول نہیں ہو ا جوں ہی مجھے یہ فیصلہ موصول ہوتا ہے میں بورڈ میں جاکر اپنی ذمہ داری سنبھالوں گا اور نئی ٹیم کا اعلان نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئر مین ذکاء اشرف نے مجھ سے ایک سال کا معاہدہ کیا تھا میں ایک سال کے لئے چیئر مین سلیکشن کمیٹی ہوں ۔