وزیراعظم نواز شریف کا پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کا عزم

منگل 6 مئی 2014 18:55

وزیراعظم نواز شریف کا پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کا عزم

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مئی۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی کیلئے ایک اور توانائی منصوبے کا افتتاح کر دیا، پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ سے پہلے مرحلے میں 660 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔ نواز شریف کہتے ہیں توانائی بحران پر قابو پائے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم محمد نواز شریف کا پورٹ قاسم بجلی گھر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ منصوبہ حکومت کی کوششوں کا ثمر ہے جس کی منصوبہ بندی 8 ماہ میں کی گئی۔

1320 میگا واٹ کا منصوبہ 2017ء میں مکمل ہوگا۔ پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ سے پہلے مرحلے میں 660 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔ ہم وافر اور سستی بجلی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت کم ہو جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان بجلی کی پیداوار میں تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اندھیروں کو روشنی میں بدلنے کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

جب اقتدار سنبھالا تو ہمیں اندھیروں میں گھرا پاکستان، بجلی اور گیس کے بحران کیساتھ ساتھ خزانہ بھی خالی ملا۔ اس کے باوجود حکومت نے 11 ماہ میں ایک بھی دن ضائع نہیں کیا۔ موجودہ حکومت 21 ہزار میگ واٹ کے منصوبے لگا رہی ہے۔ گڈانی میں بجلی کی پیداوار کیلئے 10 منصوبے لگائے جائیں گے۔ گلگت بلتستان میں 4500 میگا واٹ کا بھاشا ڈیم قائم کیا جا رہا ہے۔

جامشورو میں بھی 1320 میگا واٹ کا منصوبہ قائم کیا جائے گا۔ رحیم یار خان، مظفر گڑھ، جھنگ اور ساہیوال میں توانائی کے منصوبے 4 سال میں مکمل کئے جائیں گے۔ آئندہ سال نیلم جہلم پراجیکٹ سے 460 میگا واٹ بجلی ملے گی۔ رواں ماہ بہاولپور میں بھی شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں داسو پن بجلی کا منصوبہ قائم کیا جا رہا ہے۔ 5 برسوں میں زیادی سے زیادہ بجلی پیدا کرینگے۔ انشا اللہ وہ وقت آئے گا جب پاکستان کے ہر گھر میں بجلی ہوگی۔ وزیراعظم کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں پاک چین دوستی کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔