وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حرام چیزوں کو ملک میں آنے سے روکنے کیلئے ایک میکانزم تیار کریگی ،،انجینئر خرم دستگیر ،پاکستان میں حلال چیزوں کی امپورٹ کیلئے پاکستان حلال ایکٹ 2014ء منظوری کیلئے جلد پیش کیا جائیگا ، قومی اسمبلی میں جواب

پیر 5 مئی 2014 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مملکت برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں حلال چیزوں کی امپورٹ کیلئے پاکستان حلال ایکٹ 2014ء منظوری کیلئے جلد پیش کیا جائیگا ، پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سید عمران احمد شاہ، جنید انوار چودھری ، رشید احمد خان، سہیل شوکت بٹ اور محمد ارشد خان لغاری کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، فوڈ سیکیورٹی اور وزارت تجارت وزیراعظم کی قیادت میں ایک ڈرافٹ تیار کررہی ہیں اس ڈرافٹ میں جو لوگ حرام چیزوں کو ملک میں امپورٹ کررہے ہیں ان کا تعین کر کے سزا وجزا کو بھی یقینی بنایا جائیگا، پاکستان حلال ایکٹ 2014ء منظوری کیلئے جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا جس کے بعد ایک حلال اتھارٹی قائم کی جائیگی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حرام چیزوں کو ملک میں آنے سے روکنے کیلئے ایک میکانزم تیار کریگی اب بھی مختلف ادارے سنجیدگی کیساتھ اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، نئے مالی سال تک معاملہ حل ہو جائیگا۔