قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر اور شیخ رشید کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ،شیخ رشید جس طرح کی سیاست کرتے ہیں وہ ایوان کا مذاق اڑاتے ہیں ، یہ نہیں جانتے گڈو کیا ہے اور گڈو کا ابا کیا ہے ، وفاقی وزیر برجیس طاہر

پیر 5 مئی 2014 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر اور شیخ رشید کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا ، وفاقی وزیر نے شیخ رشید کو کہا کہ یہ نہیں جانتے کہ گڈو کیا ہے اور گڈو کا ابا کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں منان نے شیخ رشید کو اسمبلی سے باہر نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دادا گیری نہیں چلے گی، پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جب سپیکر نے شیخ رشید کا مائیک بند کرنے کا کہا تو اس کے بعد وفاقی وزیر برجیس طاہر نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نہیں جانتے کہ گڈو کیا ہے اور اس کا ابا کیا ہے؟ ان کی پتہ نہیں کون سی جماعت ہے جس پر شیخ رشید نے آواز دی کہ میری جماعت عوامی مسلم لیگ ہے، وفاقی وزیر برجیس طاہر نے کہا کہ شیخ رشید جس طرح کی سیاست کرتے ہیں وہ ایوان کا مذاق اڑاتے ہیں یہاں پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی اجازت نہ دی جائے ، اپوزیشن امن وامان کی صورتحال پر بحث کرے ہم ان کے سوالات کا جواب دینگے آخر میں اگر قرارداد کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی لے آئینگے، شیخ رشید سینہ زوری سے باز آ جائیں اور اس ایوان کی جان چھوڑ دیں، اس موقع پر میاں منان نے بھی کہا کہ شیخ رشید کو ایوان سے نکال دیا جائے ان کی دادا گیری نہیں چلے گی۔