کچھ عناصر طالبان کے ساتھ جنگ بندی سے خوش نہیں، وزیراعظم

پیر 5 مئی 2014 20:54

کچھ عناصر طالبان کے ساتھ جنگ بندی سے خوش نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہماری توقع سے کم ہے جبکہ کچھ عناصر طالبان کے ساتھ جنگ بندی سے بھی خوش نہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے دوران حملوں میں کمی ضروری آئی مگر یہ مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہماری توقع سے کم ہے،تاہم ہماری پہلی ترجیح یہی ہے کہ اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے جس کے لیے ہماری حکومت ، فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں امن کے لیے قدم بڑھا رہی ہیں اگر مزید خون بہائے بغیر امن حاصل کرلیتے ہیں تو اس سے بہتر کچھ نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کچھ عناصر طالبان کے ساتھ جنگ بندی سے خوش نہیں جبکہ جنگ بندی کے مخالف عناصر ہمارے دوست ہیں اور نہ ہی طالبان کے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں شدت پسندی کی وجہ آمرانہ دور کے دوران قانون و انصاف سے انحراف ،سماجی،معاشی اور معاشرتی ناہمواریاں ہیں،اگر ملک میں مارشل لا نہ لگتے تو سیکیورٹی مسائل سمیت یہ تمام چیزیں بھی جنم نہ لیتیں۔بلوچستان سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو زخم لگائے گئے ہیں اور اس کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے پچھلے ادوار میں کچھ نہیں کیا گیا، لیکن ہم بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھیں گے، صوبے کے ہر شہر کو گیس کی فراہمی یقینی بناکر سڑکوں کا جال بچھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان میں وہاں کی نمائندہ جماعت کی حکومت ہے اور ہم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہدایت بھی کی ہے کہ ناراض عناصر سے بات کرکے انہیں قومی دھارے میں واپس لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے بلوچوں کے ساتھ ظلم کیا انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا چاہئے۔بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں اور بھارت کے لوگ جس جماعت کو مینڈینٹ دیں گے ہم اس سے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے جبکہ بھارت کے ساتھ بجلی معاہدوں سمیت کشمیر اور دیگر معاملات کو بھی ٹھیک کرنے کے لیے کوشش کی جائے گی۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیم،توانائی،معیشت اور شدت پسندی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے، پاکستان میں نئے بجلی گھر لگنا شروع ہوگئے ہیں ہم جلد ہی توانائی کے مسئلے پر بھی قابو پالیں گے،حکومت اور فوج کے درمیان تناؤ سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان سے کئی ابہام دور ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :