ڈبلیو ایچ او کی پولیو کے باعث پاکستان پرسفری پابندیاں ،وزرائے صحت اور سیکرٹریز کا ہنگامی اجلاس بدھ طلب،مسافروں کو سہولیات دینے اور پولیو کے مرض پر مزید موثر طریقے سے قابو پانے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائینگے ،گزشتہ چھ ماہ سے انٹر نیشنل فورمز اور ڈبلیو ایچ او میں اس کیس کا بھرپور طریقے سے دفاع کر رہے ہیں ‘ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ

پیر 5 مئی 2014 19:56

ڈبلیو ایچ او کی پولیو کے باعث پاکستان پرسفری پابندیاں ،وزرائے صحت اور ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پولیو کے باعث پاکستان پرسفری پابندیاں عائد کئے جانے کے بعد چاروں صوبوں کے وزرائے صحت اور سیکرٹریز کا ہنگامی اجلاس ( بدھ ) کو طلب کر لیا گیا ۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کیلئے بیرون ممالک سفر سے قبل پولیو ویکسین کے سرٹیفکیٹ کی شرط عائد ہونے کے بعد مسافروں کو سہولیات دینے اور پولیو کے مرض پر مزید موثر طریقے سے قابو پانے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائینگے ۔

ڈبلیو ایچ او کی طرف سے سفری پابندی عائد کئے جانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن و کوار ڈی نیشن سائرہ افضل تارڑنے کہا کہ وفاقی حکومت گزشتہ چھ ماہ سے انٹر نیشنل فورمز اور ڈبلیو ایچ او میں اس کیس کا بھرپور طریقے سے دفاع کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو جن حالات کا سامنا ہے اس کا دنیا کے کسی دوسرے ملک سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا جن علاقوں میں پولیو کا وائرس ہے ان علاقوں سے سفر کرنے والوں کے لئے پابندیاں عائد کی جائیں لیکن ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ہمارا فیصلہ ممالک کی سطح پر ہوتا ہے ہم کسی ملک کے مخصوص حصے پر پابندی نہیں لگا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے پابندی کے بعد چاروں صوبوں کے وزرائے صحت اور سیکرٹریز صحت کا اجلاس ( بدھ) کو طلب کر لیا گیا ہے اور اس میں ضرور ی اقدامات کا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی تین ماہ کے لئے اور انشا اللہ تین ماہ بعد ہمارے اقدامات سے بہتری آئے گی اور ہم اس بارے میں ڈبلیو ایچ او سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ صوبائی حکومتیں ائیر پورٹس پر ہی کاؤنٹرز قائم کریں جہاں پر پولیو کی ویکسی نیشن اور مسافروں کو سرٹیفکیٹ دیا جائے جبکہ صوبائی حکومتیں اضلاع کی سطح پر بھی اقدامات کریں گی اور مسافر چاہیں تو یہاں بھی سے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پاک فوج سے کوارڈی نیشن کی ہے جسکے بعد ہماری ٹیموں کو مشکل علاقوں تک بھی رسائی حاصل ہو سکے گی او رانشا اللہ بہتر نتائج آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :