صوبائی حکومت نے سانحہ رمک میں جاں بحق افراد کیلئے مالی امداد کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کرتین لاکھ کردی ہے، کمشنر ڈیرہ

اتوار 4 مئی 2014 20:32

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء)کمشنر ڈیرہ محمدمشتاق جدون نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سانحہ رمک میں جاں بحق افراد کے لیئے مالی امداد کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کرتین لاکھ کردی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز مبینہ طور پرشوگر ملز کے فاضل مادے سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گفتگو کے دوران کیا، اس موقع پر قائم مقام ڈی پی او صادق بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر عرفان محسود، چشمہ شوگر ملز کی انتظامیہ، محکمہ فوڈ، ایکسائز، لیبر، ماحولیات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ چشمہ شوگر ملز کی انتظامیہ بھی جاں بحق افراد اور متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد دے گی، جبکہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد واقعہ کے زمہ داروں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اگر مقامی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تسلی بخش نہ ہوئی تو پشاور سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی بلوائی جائے گی، انہوں نے بعد ازاں چشمہ شوگر ملز ٹو کا دورہ کیا، ملز انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی، انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے زیادہ کوئی چیز قیمتی نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ واقعہ میں اگر کسی بھی سرکاری محکمہ یا اس کے اہلکار کی غفلت ثابت ہوئی تو اسے نشان عبرت بنایا جائے گا، انہوں نے اس موقع پر مذکورہ مقام کا معائینہ کیا اور محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ نالے کی صفائی کی جائے اور نالے کو پختہ کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں جہاں سے مقامی باشندوں کا گذر ہو وہیں پل بھی تعمیر کئے جائیں، انہوں نے چشمہ شوگر ملز ٹو سمیت ڈیرہ اسما عیل خان میں قائم تمام شوگر ملوں کو سیل کرنے کی ہدایات جاری کردیں اور کہا کہ جب تک خصوصی ٹیم تمام شوگر ملوں کے بارے میں مکمل انسان دوست ماحول کے حوالے سے رپورٹس نہیں دے دیتیں تمام شوگر ملیں سیل رہیں گی، انہوں نے اس موقع پر متاثرہ افراد کے لواحقین سے ہمدردی کااظہار کیا، مرحومین کے لیئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے مسائل سنے، انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے اپنے والدین کی اکلوتی اولاد نوجوان کے بیمار والد کے سرکاری خرچ پر علاج کا بھی حکم جاری کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ وہ ضلع میں قائم شوگر ملوں کی انتظامیہ اور ان سے ملحقہ عوام اور زمینداروں سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔