دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا، ڈیفڈ کے اشتراک سے مدر اینڈ چائلڈ کئیر کا بڑا پروگرام شروع کریں گے‘شہباز شریف،پاک برطانیہ تجارتی تعلقات میں ا ضافہ ہوگا،برطانوی وزیراعظم، وزراء اور برطانوی حکام سے ملاقاتیں نہایت سود مند رہیں،اوورسیز کمیشن کے قیام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل ہونگے :وزیراعلیٰ پنجاب ، (ن)لیگ لندن کے صدرکی ملاقات،وزیراعلیٰ نے صوبے کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کیے ،ان کے دور میں مکمل ہونے والے منصوبوں کی کوئی نظیر ماضی میں نہیں ملتی‘ظہیر گوندل

اتوار 4 مئی 2014 20:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا ہے اوربرطانیہ نے پاکستان کے ساتھ توانائی ،تعلیم ،سکل ڈویلپمنٹ اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اس دورے سے پاکستان اوربرطانیہ کے مابین تاریخی دوستی اور اقتصادی تعلقات میں ا ضافہ ہوگا- برطانیہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے- تعلیم، صحت،سکل ڈویلپمنٹ اورسماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی بہتری میں برطانیہ کا تعاون لا ئق تحسین ہے-حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیراعظم، وزراء اور برطانوی حکام سے انتہائی سود مند بات چیت ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی حجم بڑھے گا - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار دورہ برطانیہ کے دورا ن مسلم لیگ (ن)لندن کے صدرچوہدری ظہیر گوندل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے شب وروز کوشاں ہے -انشاء الله ہماری مخلصانہ اور سنجیدہ کاوشیں رنگ لائیں گی اور پاکستان کو مسائل سے نجات ملے گی- مسلم لیگ( ن) کے صرف ایک برس کے دورمیں پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین ملک بن چکاہے ۔

دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی ہے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ برطانوی حکام سے تعلیم، توانائی اور صحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی مفید بات چیت ہوئی ہے- غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی سمیت تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں- ہماری پہلی ترجیح ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا اور قومی معیشت کو مستحکم بناناہے- اس مقصد کے لئے مرتب کی گئی ٹھوس معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں- وزیراعلیٰ نے پاک برطانیہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں متعدد برطانوی کمپنیاں کام کر رہی ہیں- برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ڈیفڈ کے اشتراک سے جاری سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اوراس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مندبنایا گیا ہے- سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار پروگرام کے تحت پورے پنجاب تک پھیلایا جا رہا ہے-انہوں نے کہاکہ ڈیفڈ نے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں بھی تعاون کیا ہے اور اب یہ ادارہ پاکستان میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر کا بڑاپروگرام شروع کرنے والا ہے-انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہر محاذ پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کر رہی ہے - حکومت کے موثر اقدامات کے باعث معاشی و اقتصادی صورتحال میں تیزی سے بہتری آرہی ہے-انہوں نے کہا کہ ہم نے خود جلاوطنی میں دن گزارے ہیں اورہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا بخوبی احساس ہے اورپنجاب میں بننے والااوورسیزکمیشن وطن عزیز کے غیرملکی سفیروں کے مسائل کے حل کے لئے بااختیار ادارے کے طور پر کام کرے گااوربیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل اورشکایات کاازالہ ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن)لند ن کے صدرچوہدری ظہیر گوندل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی انتھک محنت دیکھتے ہوئے قوی یقین ہے کہ پاکستان کے عوام کو مسائل سے جلد نجات ملے گی اور ملک تیزی سے ترقی کے مراحل طے کرے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں اوورسیز پاکستانیزکمیشن کے قیام کا فیصلہ کر کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل کی آواز کو محسوس کرتے ہوئے درست جانب قدم بڑھایا ہے اورحکومت کے اس مستحسن اقدام سے سمندر پارپاکستانیوں کو ریلیف ملے گا- انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے پنجاب کو ترقی دینے کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں اوران کے دور میں ایسے منصوبے مکمل ہوئے ہیں جن کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی-