صوبہ بھر کے کاشتکاروں سے اب تک 7 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدچکی ہے ‘ وزیر کوآپریٹو،صوبائی وزراء ہر ضلع وتحصیل کے گندم خریداری مراکز کا دورہ کر رہے ہیں ‘ ملک اقبال چنڑ

اتوار 4 مئی 2014 16:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء)صوبائی وزیرکوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبہ بھر کے کاشتکاروں سے 7 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم خرید لی ہے جبکہ مزید گندم حریداری کا عمل تیزی سے جاری ہے -اس امر کا اظہار انہوں نے گندم خریداری کیس لسلہ میں اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا-صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ کسانوں میں 22 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد باردانہ تقسیم کیا جا چکا ہے جس میں جیوٹ بیگ اور پولی پراپلین تھیلے بھی شامل ہیں - انہوں نے کہا کہ حکومت کا طے کردہ ہدف 35 لاکھ میٹرک ٹن ہے تا ہم محکمہ کے پاس 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا باردانہ موجود ہے جس کی وجہ سے اس مرتبہ باردانے کی کمی کا کوئی خدشہ نہیں ہو گا- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں صوبائی وزراء کی ٹیمیں گندم خریداری کے سلسلہ میں ہر ضلع و تحصیل کا دورہ کر رہی ہیں جبکہ اس سلسلے میں تمام پراسیس کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے - انہوں نے بتایا کہ حکومت گندم خریداری مراکز پر زمینداروں اور کاشتکاروں کو تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے -