وزارت پانی وبجلی کے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے دعوے اعلانات تک محدود ہو کر رہ گئے،گرمی کی شدت سے پانچ ہلاک،متعدد بیہوش،طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کے خلاف مختلف مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ،ہلکی بوندا باندی اور تیز ہوائیں بھی گرمی کا زور نہ توڑ سکیں،وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈسکوز میں کنٹرول سنٹر ز قائم کر دئیے گئے، چیف ایگزیکٹوز کولوڈ شیڈنگ کا شیڈول روزانہ میڈیا میں جاری کرنے کی ہدایت

جمعہ 2 مئی 2014 21:57

وزارت پانی وبجلی کے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے دعوے اعلانات تک ..

لاہور/بنوں/مریدکے/رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) وزارت پانی وبجلی کے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے دعوے اعلانات تک محدود ہو کر رہ گئے ،گرمی کی شدت سے پانچ افراد ہلاک اور متعدد بیہوش ہو گئے ،طلب میں اضافے سے شارٹ فال بڑھ کر 2800میگا واٹ تک پہنچ گیا جس سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی عروج پر ہے،طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کے خلاف مختلف مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے ،وزارت پانی وبجلی نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے نا دہندگان سے سو فیصد ریکوری ، ٹارگٹ کے مطابق لائن لاسز میں کمی اور لو ڈشیڈنگ کا شیڈول روزانہ اخبارات میں شائع کرنے کی ہدایات جاری کر دیں،ہلکی بوندا باندی اور تیز ہوائیں بھی گرمی کا زور نہ توڑ سکیں۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار11300میگا واٹ جبکہ طلب بڑھ کر 14100میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

ہائیڈل سے 3640‘تھرمل سے 1520اور آئی پی پیز سے 6140میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی ۔ گزشتہ روز مختلف شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی تاہم بعض مقامات پر مینٹی ننس کے نام پر بھی گھنٹوں بجلی بند رکھی گئی ۔

دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور مختلف مقامات پر 18سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کا بحران بھی جاری ہے اور گزشتہ روز اچھرہ سمیت کئی مقامات پر مظاہرے کئے گئے جس میں خواتین کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بنوں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔

شہریوں نے احتجاجاًبنوں کوہاٹ روڈ پر دوسرے روز بھی دھرنا دیا اور ٹریفک معطل کردی جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں۔اس موقع پر بعض مشتعل مظاہرین نے ٹائروں کوبھی آگ لگا دی ۔ عوام کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے، بجلی چوروں کی سزا بل ادا کرنے والے صارفین کو نہ دی جائے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں فوری کمی کی جائے۔

سرگودھا، گوجرانوالہ، شرقپو رشریف، وہاڑی ،ہری پور، حویلیاں سمیت ملک کے مختلف مقامات پر بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کا مطالبہ کیا ۔رائے ونڈ سٹی میں ریلوے کا ریٹائرڈ ملازم مقصود احمد پنشن کی لائن میں شدید گرمی کے باعث گر کے بیہوش ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔

اس موقع پر وہاں موجود دیگر پنشنرز نے بھی ناکافی سہولیات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے واضح ہدایات کے باوجود بزرگ شہریوں کے لئے بیٹھنے کے لئے سایہ دار انتظام ہے اور نہ ہی انہیں پینے کے لئے پانی میسر ہے ۔ حکومت اس کا فی الفو رنوٹس لے ۔ مریدکے اور گردو نواح میں قیامت خیز گرمی پڑی جسکی وجہ سے چار افراد دم توڑ گئے ۔مریدکے ٹاوٴن کا 55سالہ شوکت مریدکے ریلوے اسٹیشن کے قریب دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ دم گھٹنے سے چل بسا ، ٹمبر مارکیٹ کا 26سالہ مرگی کا مریض عمران قریبی کھیتوں میں مردہ پایا گیا گاوٴں کرول اور مریدکے شہر کے عنائت اور عباس بھی شدید گرمی کی وجہ سے بیہوش ہوئے اور اسی حالت میں دم توڑ گئے جبکہ گرمی سے متعدد بیہوش بھی ہو گئے جنہیں طبی امداد دی گئی ۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایات پر بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں میں کنٹرل سنٹرز قائم کر کے ترجمان مقرر کر دئیے گئے جو لوڈ شیڈنگ کے دوران صارفین کی شکایات کا ازالہ کریں گے ۔ وزارت پانی وبجلی نے تما م پیداواری کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پرائیویٹ سیکٹر کے نا دہندگان سے سو فیصد ریکوری کو یقینی بنائیں جبکہ لائن لاسز کو بھی ٹارگٹ کے مطابق کم کریں ۔ہدایات نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ روزانہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے اخبارات میں شیڈول جاری کیا جائے ۔