بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے‘خواجہ خورشید عبداللہ

جمعہ 2 مئی 2014 15:58

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2مئی 2014ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ خورشید عبداللہ نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے اور لاوا پک رہا ہے جو کسی بھی وقت آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے مقام افسوس ہے کہ پاکستان کو روشن کرنے کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قبریں پانی کی نذر کرنے اور اپنے گھر بار اجاڑنے والے اہلیان میرپور کو جان بوجھ کر اندھیروں میں دکھیلا جا رہا ہے۔

نا اہل حکمران بجلی لوڈ شیڈنگ کا معاملہ متعلقہ اداروں کے سامنے اٹھانے سے کترا رہے ہیں متاثرین منگلا ڈیم کے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر کے عوام کو احتجاج پر اکسانے والے یہ جان لیں کہ اگر عوام کا سمندر سڑکوں پر نکل آیا تو کرپشن کے بادشاہ اس میں خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر تمام متعلقہ فورمز پر لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نمٹنے اور عوام کو مسائل سے نکالنے کی آواز بھرپور انداز میں بلند کریگی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے کاربار زندگی کو شدید متاثر کیا ہے بجلی پر چلنے والی مشینری بند ہونے سے ہزاروں لوگ بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں گھروں میں روزگار نہ ہونے باعث فاقوں کی نوبت آ چکی ہے موجودہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے کیا کر رہے ہیں عوام جاننا چاہتے ہیں لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے عوام کی جان نہ چھڑائی گئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت آزادکشمیر ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :