ٹی 20 رینکنگ؛ ورلڈ چیمپئن سری لنکا سے ٹاپ پوزیشن چھن گئی

جمعہ 2 مئی 2014 13:15

ٹی 20 رینکنگ؛ ورلڈ چیمپئن سری لنکا سے ٹاپ پوزیشن چھن گئی

دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2مئی 2014ء) آئی سی سی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں ورلڈ چیمپئن سری لنکا سے ٹاپ پوزیشن چھن گئی، سالانہ اپ ڈیٹ نے بھارت کو نمبرون بنا دیا، پاکستان تین پوائنٹس کے اضافے کے باوجود تیسرے نمبر پر موجود ہے، ویسٹ انڈیز کو 2درجے خسارے نے ساتویں درجے پر پہنچا دیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بھی سالانہ اپ ڈیٹ کیا جس کی وجہ سے 2011-12 اور2012-13 کے آدھے نتائج منہا کرلیے گئے،2013-04 کے تمام نتائج رینکنگ میں شامل ہیں، اس وجہ سے بھارت کو ایک اضافی پوائنٹ ملا جس نے اسے ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دیا،3 پوائنٹس کی کٹوتی کے باعث ورلڈ چیمپئن سری لنکا کو دوسرے نمبر پر آنا پڑا۔

گذشتہ 12 ماہ کے دوران بھارت اس طرز کا صرف ایک میچ ہارا وہ بھی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا فائنل تھا، آئی لینڈرز اس عرصے کے دوران 4 میچز میں شکست کا سامنا کر چکے، سری لنکا نے 2 برس قبل اس فارمیٹ میں جو بہترین پرفارمنس پیش کی تھی وہ اب رینکنگ میں شامل نہیں رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان کو بھی سالانہ اپ ڈیٹ کی وجہ سے تین پوائنٹس ملے تاہم 123 پوائنٹس رکھنے والے گرین شرٹس تیسرے ہی نمبر پر براجمان ہیں، تین پوائنٹس پانے والا جنوبی افریقہ بھی چوتھے نمبر پر موجود ہے، 2 پوائنٹس پانے والا آسٹریلیا ایک درجہ بہتری سے پانچویں نمبر پر پہنچ گیا، اسی طرح ایک درجے ترقی نے نیوزی لینڈ کو چھٹے نمبر پر پہنچا دیا، ویسٹ انڈیز کو پورے 4 پوائنٹس کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ 2 درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگیا، انگلینڈ 8 اور بنگلہ دیش 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا، ایک درجے ترقی نے نیدرلینڈز کو 11ویں پوزیشن دلادی جبکہ افغانستان 12ویں نمبر پر چلا گیا، زمبابوے 13اور اسکاٹ لینڈ 14 ویں نمبر پر موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :