شہر میں بدامنی کا تسلسل جاری، ایم کیو ایم کے چار کارکنوں کی نعشوں کی شناخت کے بعد فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 افراد ہلاک،ایم کیو ایم کے دو کارکنوں سمیت درجن بھر افراد زخمی ہوگئے، مختلف علاقوں میں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور پتھراؤ کیا

جمعرات 1 مئی 2014 22:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی۔2014ء) شہر میں بدامنی کا تسلسل جاری۔ متحدہ قومی موومنٹ کے چار کارکنوں کی نعشوں کی شناخت کے بعد فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایم کیو ایم کے دو کارکنوں سمیت درجن بھر افراد زخمی ہوگئے، مختلف علاقوں میں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور پتھراؤ کیا جس میں پولیس کی وین سمیت متعدد رگاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعات کے مطابق گزشتہ روز میمن گوٹھ تھانے کی حدود گلشن حدید لنک روڈ سے چار افراد کی ہاتھ پاؤ بندھی نعشیں ملی تھیں۔ جن کی شناخت ایدھی سرد خانے میں جمعرات کو متحدہ قومی موومنٹ کے گلشن حدید سیکٹر کے کارکنوں سے ہوئی۔ واقعے کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں کارکن ایدھی سرد خانے پہنچ گئے جہاں پولیس کے خلاف نعرے بازی کی گئی، مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور پولیس وین کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

پولیس کی ہوائی فائرنگ سے علاقے میں مزید خوف وہراس پھیل گیا۔ متحدہ کے پرامن یوم سوگ کے اعلان کے بعد شہر بھر میں دکانیں اور کاروبار بند ہونا شروع ہوگئے۔ نامعلوم مسلح افراد نے شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کی۔ فائرنگ سے 2 افراد شارع نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد کٹی پہاڑی گلی نمبر 1 میں 40 سالہ محمد علی ولد گلاوت خان ہلاک ہوگیا جبکہ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن عاصمہ گارڈن کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ شخص جاں بحق جبکہ 25 سالہ نوجوان زخمی ہوگیا۔

زخمی اور جاں بحق شخص کو آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں نوجوانوں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔ جاں بحق شخص کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر ڈیفنس کے علاقے فیز 2 خیابان راحت ملک کارنر کے قریب متحدہ کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان دکانیں بند کروانے کے دوران ہوائی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کی زد میں آکر متحدہ کے دو کارکن 24 سالہ طارق ولد نواب اور 32 سالہ راشد ولد حمید زخمی ہوگئے۔

ادھر ایف سی ایریا ابراہیم شاہ بخاری مزار پر 30 سالہ بشارت ولد بوٹا، شارع فیصل پر فائرنگ سے 30 سالہ یاسر ولد پوست محمد، گلبہار خاموش کالونی میں 25 سالہ قیامت خان ولد روز مین خان، بریگیڈ لائنز ایریا نزد کمپریسر مارکیٹ میں نظام ولد نصیر الدین، سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4-B میں 30 سالہ عابد ولد لال محمد، 35 سالہ خلیل ولد محمد بخش، پاک کالونی کے علاقے بسم اللہ ہوٹل کے قریب کاشف ولد عثمان زخمی ہوگئے۔