کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مبینہ طور پر لاپتہ 4کارکنوں کی لاشیں ملنے پر حیدرآباد میں کاروبار بند

جمعرات 1 مئی 2014 21:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی۔2014ء) کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مبینہ طور پر لاپتہ 4کارکنوں کی لاشیں ملنے پر جمعرات کو شام میں حیدرآباد میں کاروبار بند کرا دیا گیا، کئی علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی ٹائر جلائے گئے جس سے ٹریفک بھی بند ہو گیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی طرف سے کراچی میں 4 کارکنوں کی لاشیں ملنے کے سلسلے میں پریس کانفرنس کئے جانے کے بعد حیدرآباد سٹی لطیف آباد میں اچانک کئی علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی اور موٹرسائیکل سواروں نے کاروبار بند کرانا شروع کر دیا جس سے مارکیٹوں اور بازاروں میں بھگڈر مچ گئی اور گھنٹے بھر میں تمام بڑے کاروباری مراکز مارکیٹیں اور بازار بند ہو گئے اخبارات کے اسٹال میڈیکل اسٹور اور پیٹرول پمپ بھی بند کرا دیئے گئے، حیدرچوک اور دیگر علاقوں میں ٹائر بھی نذرآتش کئے گئے، حیدرآباد اور لطیف آباد میں رات کو سناٹا چھایا ہوا تھا اور سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ 90 فیصد تک غائب تھی اس لئے دفاتر اور اپنے کاموں پر گئے ہوئے لوگوں کو گھروں میں لوٹنے کے سلسلے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا اکادکا نجی گاڑیاں رکشہ وغیرہ ہی کہیں کہیں سڑکوں پر نظر آئے، متحدہ قومی موومنٹ نے جمعہ کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے جس پر مزید خوف و ہراس پایا جاتا ہے