وصولیوں کو بہتر کرنے کیلئے ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جا رہے تاکہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے‘ چوہدری محمد سرور ،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو 100ارب ڈالر کا نقصان ، 50ہزار سے زائد افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا،پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں ،پوری دُنیا پاکستان میں جمہوریت کے استحکام میں دلچسپی لے رہی ہیں ‘ گورنر پنجاب

جمعرات 1 مئی 2014 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پوری دُنیا پاکستان میں جمہوریت کے استحکام میں دلچسپی لے رہی ہیں کیونکہ خوشحال پاکستان کے خواب کی تعبیر صرف جمہوریت کی مضبوطی میں پنہاں ہے،جی ایس پی پلس سٹیٹس دلوانے میں جس طرح یورپی ملکوں نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اس سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یورپ پاکستان میں معاشی استحکام دیکھنا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں گورنرہاؤس لاہور میں جرمنی سے تعلق رکھنے ارکان پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ڈاکٹر ناربرٹ لیمرٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے یکساں مواقعے ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی، اقلیتوں اور انسانی حقوق کا تحفظ کے علاوہ سوشل سیکٹر کی ترقی موجودہ حکومت کے منشو ر کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے تعلیم کے بجٹ کو 2فیصد سے بڑھا کر 4فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے وہ ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہیں، انہیں سینٹ ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں موثر نمائندگی دینے کے ساتھ ساتھ سرکاری نوکریوں میں 5فیصد کوٹہ بھی دیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 100ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے جبکہ 50ہزار سے زائد افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی برادری دنیا میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے معاشی نقصانات کا ازالہ کرنے میں ہماری مدد کرے گی جس کا بہترین طریقہ پاکستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ جی ڈی پی میں اضافہ، روپے کی قدر میں استحکام اور سٹاک اکسچینج میں تیزی واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وصولیوں کو بہتر کرنے کے لئے ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جا رہے تاکہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل کے لئے متبادل ذرائع پر توجہ دی جا رہی ہے اور بہاولپور میں 1000میگاواٹ کا سولر انرجی پاور قائم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اووسیز پاکستانیوں کا کردار لائق تحسین ہے جن کے حقوق کے تحفظ کے لئے اوورسیز کمیشن قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر جرمن پارلیمنٹ کے وفد نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے میاں نواز شریف اور ان کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں بہتری آئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا جرمنی سمیت تمام یورپ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور معشیت کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کی طرح ہر فورم پر اپنا تعاون فراہم کرے گا۔