پاکستان اور بھارت چند ماہ میں نیوٹرل وینیو پر ایک مختصر سیریز کھیل سکتے ہیں ، نجم سیٹھی

جمعرات 1 مئی 2014 13:37

پاکستان اور بھارت چند ماہ میں نیوٹرل وینیو پر ایک مختصر سیریز کھیل ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1مئی 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت چند ماہ میں نیوٹرل وینیو پر ایک مختصر سیریز کھیل سکتے ہیں ، سیریز قریب آتے اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے وقت دونوں بورڈز کے مابین مزید تفصیلات طے ہوجائیں گی، یقینی طور پرپاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا ، مصباح الحق کو آئندہ سال ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کے فیصلے پر قائم ہوں ، مصباح الحق سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی ہیں ۔

غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ کپتان کون ہونا چاہیے اس حوالے سے سلیکٹرز کے ذاتی خیالات جو بھی ہوں، میں اپنے فیصلے پر قائم رہوں گا۔مصباح نے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچز دونوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ اس وقت ٹیم کے سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی ہیں ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان اب بھارت کی میزبانی کسی نیوٹرل وینیو پر کریگا جو متحدہ عرب امارات یا کوئی دوسرا ملک ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی چیف نے کہاکہ ماضی میں بھارتی بورڈ ہمارے ساتھ اس قسم کے کسی معاہدے نہ ہی نیوٹرل وینیوز پر کھیلنے کو تیار ہوتا تھا تاہم اب ہم نے اسے دونوں پر قائل کر لیا، سیریز قریب آتے اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے وقت دونوں بورڈز کے مابین مزید تفصیلات طے ہوجائیں گی یقینی طور پر اس سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔نجم سیٹھی نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات کی نوعیت کے سبب کوئی بھی طے شدہ اوقات پرسیریز کی ضمانت نہیں دے سکتا، وقت آنے پرسیاسی صورتحال اور موجود تعلقات سے مقابلوں کا فیصلہ ہوسکے گا البتہ مثبت بات یہ ہے کہ ہم بھارتی بورڈ سے ایک معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوگئے جس میں کم از کم 5 سیریز کی بات ہوئی ہے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت چند ماہ میں نیوٹرل وینیو پر ایک مختصر سیریز کھیل سکتے ہیں تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید معلومات نہیں دیں ۔ پی سی بی چیف نے کہا کہ بگ تھری کا مسئلہ کھڑا ہونے کے سبب ایک موقع پر بورڈ بالکل تنہا رہ گیا تھا،کچھ بھی نہ حاصل کرنے کے خطرے سے بچنے کیلیے ہم نے بھی حمایت کر دی اور سب سے بہتر معاہدہ پایا۔