پاکستان پر حملے کے خواب سے پہلے طے کریں داؤد ابراہیم کہاں ہے: وزیر داخلہ

منگل 29 اپریل 2014 20:48

پاکستان پر حملے کے خواب سے پہلے طے کریں داؤد ابراہیم کہاں ہے: وزیر داخلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ دنوں بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی)کے رہنما نریندر مودی کی جانب سے پاکستان میں کارروائی کرکے داؤد ابراہیم کو بھارت لانے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کے بیان کی اہمیت دیوانے کے خواب سے زیادہ نہیں اور مودی پاکستان کومرعوب کرنے کا خواب ذہن سے نکال دیں کیونکہ پاکستان دھمکیوں سے خوف زدہ ہونے والا نہیں۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ مودی پاکستان پرحملے کا خواب دیکھنے سے پہلے داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کا طے کرلیں، انہوں نے بطور وزیراعلیٰ گجرات بھی کئی گل کھلائے اور اپنی اس بدنامی سے بھی سبق نہیں سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نریندرمودی کا اشتعال انگیز بیان نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ پاکستان دشمنی کی آخری حدوں کو چھو رہا ہےاور وہ پاکستان خصوصاً مسلمان دشمنی میں بہت آگے نکل گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مودی کا بیان شرمناک ہے اور پاکستانی عوام ان بے سروپا بھڑکوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نریندر مودی بھارت کے وزیراعظم بنے تو نہ جانے خطہ کس طرح کے عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر موردی نے بیان دیا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم بنے تو پاکستان میں کارروائی کرکے داؤد ابراہیم کو بھارت لائیں گے۔