ٹریفک قوانین توڑنا حرام اور گناہ کبیرہ ہے: سعودی مفتی اعظم کا فتویٰ

منگل 29 اپریل 2014 19:11

ٹریفک قوانین توڑنا حرام اور گناہ کبیرہ ہے: سعودی مفتی اعظم کا فتویٰ

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل۔2014ء)سعودی مفتی اعظم عبدالعزیز آل الشیخ نے اپنے فتوے میں کہا ہے کہ ٹریفک قانون کی اس طرح کی خلاف ورزی کے ذریعے کسی کی موت کا موجب بنتا ہے تو وہ قتل عمد کا مجرم گردانا جائے گا۔سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز آل الشیخ نے سڑکوں پر لگے ٹریفک کے سرخ اشارے توڑنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ایک مرتبہ پھر فتویٰ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسا کرنا گناہ کبیرہ اور حرام ہے۔

ایک عرب ٹی وی چینل کے مطابق مفتی اعظم نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی اس طرح کی خلاف ورزی گناہ کبیرہ کے زمرے میں آتی ہے۔ انھوں نے اس ضمن میں قرآن مجید کی ایک آیت کا حوالہ دیا ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ ''جس نے ایک انسان کو قتل کیا، اس نے گویا پوری انسانیت کو قتل کر دیا اور جس نے ایک شخص کو بچایا، اس نے گویا پوری انسانیت کو بچا لیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے قبل ازیں 2010ء میں اسی قسم کا ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ جو کوئی بھی ٹریفک قانون کی اس طرح کی خلاف ورزی کے ذریعے کسی کی موت کا موجب بنتا ہے تو وہ قتل عمد کا مجرم گردانا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کار حادثات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سعودی مملکت میں اوسطاً روزانہ سترہ افراد سڑکوں پر حادثات کی نذر ہو جاتے ہیں۔ سعودی عرب کی نظامت عامہ برائے ٹریفک نے 2010ء میں جاری کردہ اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا دارالحکومت الریاض میں سڑکوں پر ایک تہائی حادثات ڈرائیور کی جانب سے ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔