افغانستان کی کرکٹ ٹیم یکم مئی سے کوالالمپور میں شروع ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل پریمئر لیگ میں حصہ لے گی

منگل 29 اپریل 2014 13:42

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء) افغانستان کی کرکٹ ٹیم یکم مئی سے کوالالمپور میں شروع ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل پریمئر لیگ میں حصہ لے گی میڈیا رپورٹ کے مطابق سات روزہ لیگ میں افغانستان کے علاوہ متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، ملائشیا، نیپال اور اومان کی ٹیمیں شامل ہیں۔افغانستان نے اس ایونٹ کی تیاری کراچی شہر سے دور واقع عربین سی کنٹری کلب میں کی جہاں تقریباً دو ہفتے کے کیمپ میں پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز عامر سہیل اور راشد لطیف نے بھی افغان کرکٹرز کو بیٹنگ بولنگ اور وکٹ کیپنگ کے بارے میں اپنے وسیع تجربے سے آگاہ کیا۔

افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ان کی ٹیم کی متواتر اچھی کارکردگی کے سبب اب لوگوں کی توقعات بڑھ گئی ہیں اس لیے دباوٴ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ افغانستان کی ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ یہ اتنا آسان نہ تھا کیونکہ اس کیلئے آخری چھ کے چھ کوالیفائنگ میچز جیتنے تھے جو افغان ٹیم نے جیتے۔محمد نبی نے کہا کہ ان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کراچی میں ٹیم کی ٹریننگ کو فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اے سی سی لیگ میں کامیابی حاصل کریں کیونکہ ایسوسی ایٹ ممالک میں افغانستان کا شمار بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :